

ترقی یافتہ ہندوستان @2047 میں مدھیہ پردیش کا تعاون دو ٹریلین ڈالر کا ہوگا: وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو
وزیر اعلیٰ نے ترقی یافتہ مدھیہ پردیش پر منعقدہ کانکلیو سے خطاب کیا
بھوپال، 24 جون (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ترقی یافتہ ہندوستان @2047 اور معیشت کو 30 ٹریلین ڈالر تک پہنچانے کا عزم کیا ہے۔ ریاستی حکومت کی یہ کوشش ہوگی کہ اس میں سے تقریباً 2 ٹریلین ڈالر کا تعاون مدھیہ پردیش کا ہو۔ مدھیہ پردیش وزیر اعظم مودی کے خدمت، گڈ گورننس اور عوامی فلاح و بہبود کے عزائم کو پورا کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ فی الحال مدھیہ پردیش کا شمار ملک کی تیز ترین ترقی کرنے والی ریاستوں میں ہو رہا ہے۔ ہم ’وراثت بھی اور ترقی بھی‘ کی راہ پر مسلسل آگے بڑھ رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو بدھ کے روز ’’ترقی یافتہ مدھیہ پردیش‘‘ کے موضوع پر منعقدہ کانکلیو سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وقت تبھی بدلتا ہے جب عزم بڑا ہو۔ تمام ہندوستانیوں کے لیے یہ فخر کی بات ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے پختہ عزم اور دور اندیش قیادت میں ہندوستان کا وقت بدلا ہے۔ دنیا کے کئی ممالک نے اپنے اعلیٰ ترین شہری اعزاز سے وزیر اعظم مودی کو نوازا ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے بھوپال میں منعقدہ پروگرام کا شمع روشن کر کے افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ آج ویرانگنا رانی درگاوتی کا یومِ شہادت ہے۔ انہوں نے رانی درگاوتی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے عوام رانی درگاوتی کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کانکلیو میں شریک صنعت کاروں سے ریاست میں موجود سرمایہ کاری کے امکانات سے فائدہ اٹھانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مدھیہ پردیش کی یہ خصوصیت ہے کہ جو ایک بار یہاں آتا ہے، یہیں کا ہو کر رہ جاتا ہے۔ کانکلیو میں وزیر تعمیرات عامہ راکیش سنگھ، وزیر مائیکرو، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (ایم ایس ایم ای) چیتنیہ کاشیپ اور چیف سکریٹری انوراگ جین خاص طور پر موجود تھے۔ پروگرام میں صنعت و تجارت کی دنیا کے نمائندے، سرمایہ کار، بینکنگ اور مالیاتی اداروں کے نمائندے اور پالیسی ساز شامل ہوئے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ریاست میں پچھلے تین سالوں سے ترقی کا کارواں مسلسل آگے بڑھ رہا ہے۔ مدھیہ پردیش میں نئی صنعتیں قائم کرنے کے لیے کافی لینڈ بینک موجود ہے۔ ریاستی حکومت نے صنعت دوست ماحول تیار کرنے کے لیے شفاف اور صنعت دوست پالیسیاں نافذ کی ہیں۔ مدھیہ پردیش کی انہی خصوصیات کی وجہ سے سرمایہ کار صنعتیں لگانے کے لیے ریاست کا رخ کر رہے ہیں۔ ملک کے وسط میں واقع ہونے کی وجہ سے انہیں کنیکٹیویٹی اور لاجسٹکس کا بھی خاص فائدہ ملے گا۔ ریاستی حکومت نے چاروں سمتوں میں سڑکوں کے رابطے کو بہتر بنانے کے لیے بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر خصوصی زور دیا ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ وزیراعظم مودی کی رہنمائی میں بھوپال میں پہلی بار ’گلوبل انویسٹرز سمٹ 2025‘ کا انعقاد کیا گیا، جس میں بے مثال سرمایہ کاری حاصل ہوئی اور مفاہمت ناموں (ایم او یو) پر دستخط ہوئے۔ یہ انتہائی خوش آئند بات ہے کہ ریاستی حکومت 10 لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی تجاویز کو زمین پر لا چکی ہے۔ مدھیہ پردیش کا عکس زراعت پیشہ ریاست کے ساتھ ساتھ ایک صنعت دوست ریاست کا بھی بنا ہے۔ ریاستی حکومت نے سال 2025 کو صنعت اور روزگار کے لیے وقف کیا تھا۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ہندوستانی نوجوان صلاحیتوں نے دنیا کی بڑی سے بڑی کمپنیوں میں اعلیٰ ترین عہدوں پر پہنچ کر ہندوستان کا مان بڑھایا ہے۔ خلائی ٹیکنالوجی میں ہندوستانی سائنسدانوں نے نئے ریکارڈ قائم کیے ہیں۔ ریاستی حکومت نے بھی اپنی اسپیس-ٹیک پالیسی لانچ کی ہے۔ مدھیہ پردیش کو بہترین ریاست بنانے کے لیے ہم مسلسل کوشاں ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن