
علی گڑھ, 24 جون (ہ س) اسمارٹ سٹی مشن کے تحت علی گڑھ میں ایک اہم اور تاریخی منصوبہ مکمل ہو گیا ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ اور سابق گورنر مرحوم کلیان سنگھ کے نام سے منسوب جدید طرز کا کلیان سنگھ ہیبی ٹیٹ سینٹر تعمیر کیا گیا ہے، جو اپنی نوعیت کا ایک منفرد اور کثیر المقاصد مرکز ہے۔ تقریباً 78 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی یہ سات منزلہ عمارت جدید شہری ترقی کی علامت بن کر ابھر رہی ہے۔
اس عمارت میں عالمی معیار کا انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (اآئی سی سی سی) بھی قائم کیا گیا ہے، جس کے ذریعے پورے شہر کی سرگرمیوں پر جدید ٹیکنالوجی کے ذریعہ نظر رکھی جا رہی ہے۔ یہ سینٹر شہر میں ٹریفک نظام، تجاوزات، صفائی ستھرائی، عوامی سہولتوں اور جرائم کی روک تھام سے متعلق امور کی لائیو مانیٹرنگ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
نگر آیوکت پریم پرکاش مینا نے بتایا کہ اسمارٹ سٹی مشن کے تحت قائم کیا گیا یہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر شہر کے انتظامی نظام کو مزید مؤثر اور جوابدہ بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ان کے مطابق جدید کیمروں اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے شہر کے مختلف علاقوں کی نگرانی کی جا رہی ہے، جس سے ٹریفک مینجمنٹ اور قانون و انتظام کی صورتحال کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
نگر نگم اور اسمارٹ سٹی مشن سے وابستہ افسران کا کہنا ہے کہ کلیان سنگھ ہیبی ٹیٹ سینٹر نہ صرف علی گڑھ کی شناخت کو نئی جہت دے گا بلکہ سرمایہ کاری، کاروباری سرگرمیوں اور شہری سہولتوں کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوگا۔ اس جدید کمپلیکس میں مختلف دفتری، تجارتی اور سماجی سرگرمیوں کے لیے جدید سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔
ہیبی ٹیٹ سینٹر میں کاروبار کرنے والے تاجروں اور معزز شہریوں نے بھی اس منصوبے کا خیرمقدم کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں تیار کیا گیا یہ منصوبہ شہر کی ترقی کی سمت ایک بڑا قدم ہے۔ ایک ہی چھت کے نیچے جدید سہولتوں کی دستیابی سے نہ صرف کاروباری طبقہ بلکہ عام شہری بھی فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
شہریوں کا ماننا ہے کہ کلیان سنگھ ہیبی ٹیٹ سینٹر اور انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی بدولت علی گڑھ اسمارٹ سٹی مشن کے مقاصد کے مزید قریب پہنچ گیا ہے اور آنے والے برسوں میں یہ عمارت شہر کی ترقی اور جدید شہری نظم و نسق کی نمایاں علامت بنے گی۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ