
علی گڑھ, 24 جون (ہ س) لکھنؤ کے کوچنگ سینٹر میں پیش آئے المناک آتشزدگی کے واقعے کے بعد علی گڑھ میں محکمہ تعلیم نے غیر قانونی کوچنگ سینٹروں اور لائبریریوں کے خلاف کارروائی تیز کر دی ہے۔ اسی سلسلے میں ضلع اسکول انسپکٹر (ڈی آئی او ایس) پورن سنگھ کی قیادت میں ٹیم نے گاندھی پارک علاقے میں واقع پرارمبھ آئی اے ایس اسٹڈی سرکل کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسے سیل کر دیا۔
جانچ کے دوران کوچنگ سینٹر کا انتظامیہ ضلع اسکول انسپکٹر دفتر سے حاصل شدہ اجازت نامہ پیش نہیں کر سکا۔ اس کے علاوہ ادارے کے پاس محکمہ فائر کی لازمی این او سی بھی موجود نہیں تھی۔ حکام کے مطابق ایسے حالات میں کسی بھی ہنگامی واقعے کی صورت میں طلبہ کی جان کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے تھے۔
ڈی آئی او ایس پورن سنگھ نے بتایا کہ طلبہ کی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلع بھر میں کوچنگ سینٹروں اور لائبریریوں کی جانچ کی جا رہی ہے۔ جو ادارے بغیر اجازت یا حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے چلائے جا رہے ہیں، ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں متعدد کوچنگ سینٹر اور لائبریریاں ضابطوں کے خلاف چل رہی ہیں، جن کے خلاف سیلنگ مہم مسلسل جاری رہے گی۔ یہ کارروائی گاندھی پارک تھانہ علاقے میں ڈی ایس ڈگری کالج کے سامنے واقع پرارمبھ آئی اے ایس اسٹڈی سرکل پر کی گئی۔
ڈی آئی او ایس نے واضح کیا کہ طلبہ کی حفاظت کے معاملے میں کسی قسم کی لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام تعلیمی اداروں کو مقررہ قواعد و ضوابط پر عمل کرنا ہوگا۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ