
نئی دہلی،24جون(ہ س)۔مفتی سعادت حسین قاسمی، کنوینر مسنون نکاح تحریک تلنگانہ و آندھرا پردیش کی اطلاع کے مطابق این آر فنکشن ہال، گاندھی نگر، آئی ڈی پی ایل روڈ، حیدرآباد میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ اور جمعیة علماءہند (منڈل قطب اللہ پور) کے اشتراک سے ”مسنون رشتے۔ آمنے سامنے “کا پروگرام کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔ حسبِ سابق اس پروگرام میں بھی سرپرستوں، والدین اور عوام الناس کی بڑی تعداد مقررہ وقت پر پہنچنا شروع ہوگئی۔
پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور ہدیہ نعتِ رسول سے ہوا۔ابتدائی کلمات جمعیت علماءقطب اللہ پور منڈل کے ذمہ داران نے پیش کیے، جبکہ مدرسہ جمال الاسلام نہرو نگر کے ناظمِ اعلیٰ نے بھی اپنے تاثرات کا اظہار فرمایا۔مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے نائب صدر مسنون نکاح تحریک تلنگانہ و آندھرا پردیش مولانا سید مصباح الدین صاحب نے خطاب کرتے ہوئے آسان اور مسنون نکاح کی اہمیت و ضرورت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے عوام کو اس جانب متوجہ کیا کہ اپنی اور اپنی بچیوں کی شادیاں اور ولیمے سادہ اور سنت کے مطابق منعقد کریں تاکہ معاشرے میں نکاح آسان بن سکے۔
دوسرے مہمانِ خصوصی ، مسنون نکاح تحریک تلنگانہ و آندھرا پردیش کے ترجمان حضرت مولانا سید ومیض احمد ندوی صاحب نے اپنے خطاب میں زور دے کر اس حقیقت کی طرف توجہ دلائی کہ موجودہ دور میں شادیوں کا مسئلہ امتِ مسلمہ کے لیے ایک سنگین چیلنج بنتا جا رہا ہے۔ اگر نکاح کو سادہ اور شریعت کے مطابق انجام دیا جائے تو ان شاءاللہ بہت سے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کے نکاح ا?سانی کے ساتھ منعقد ہو سکتے ہیں۔پروگرام کی صدارت حضرت مولانا غیاث احمد رشادی صاحب دامت برکاتہم العالیہ نے فرمائی۔ صدر اجلاس نے اس کامیاب اور منظم پروگرام پر منتظمین کو دعاو¿ں سے نوازا اور اس کی افادیت و ضرورت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
آپ نے امت میں شادیوں کے سلسلے میں بڑھتی ہوئی بے راہ روی اور ارتداد جیسے مسائل پر قابو پانے کے لیے اس پروگرام کو نہایت خوش آئند، مو¿ثر اور وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ اس پروگرام میں تقریباً پانچ سو (500) افراد شریک ہوئے، جو اپنے بائیو ڈیٹا اور تصاویر کے ساتھ پروگرام میں حاضر ہوئے اور اس سے بھرپور استفادہ کیا۔ نتیجتاً 52رشتے باہمی گفت و شنید اور ملاقات کے ذریعے طے پائے اور فریقین نے ایک دوسرے کے لیے پسندیدگی کا اظہار کیا۔ جبکہ متعدد دیگر رشتوں کے سلسلے میں گھروں پر مزید گفتگو، تکمیلِ نکاح اور سنت کے مطابق ازدواجی مراحل کو آگے بڑھانے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔آخر میں مولانا سید مصباح الدین حسامی صاحب کی پ±راثر دعا پر پروگرام اپنے اختتام کو پہنچا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais