
نئی دہلی، 23 جون (ہ س)۔ نائب صدرجمہوریہ سی پی رادھا کرشنن، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا اور وزیر داخلہ امت شاہ نے کئی سرکردہ لیڈروں کے ساتھ بھارتیہ جن سنگھ کے بانی اور ماہر تعلیم ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کو ان کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا اور ملک کی یکجہتی اور سالمیت میں ان کے تعاون کو یاد کیا۔
ڈاکٹر مکھرجی کو ایک وژنری لیڈر، معروف ماہر تعلیم اور ایک کٹر محب وطن قرار دیتے ہوئے نائب صدر رادھا کرشنن نے کہا کہ ہندوستان کے اتحاد اور سالمیت کے لیے ان کی قربانی اور ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کے لیے ان کا غیر متزلزل عزم آنے والی نسلوں کو ترغیب دیتا رہے گا۔
لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے کہا کہ ڈاکٹر مکھرجی نے اپنے اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا، وہ ہندوستان کے اتحاد، سالمیت اور خودمختاری کو سب سے اہم سمجھتے تھے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی حب الوطنی، ثقافتی شعور اور قومی یکجہتی کے جذبے کو پھیلانے کے لیے وقف کر دی۔
انہیں ملک کے اتحاد اور سالمیت کا کٹر حامی قرار دیتے ہوئے، وزیر داخلہ اور کوآپریٹو امت شاہ نے کہا کہ ڈاکٹر مکھرجی نے کشمیر میں دو آئین، دو وزیراعظماور دو جھنڈے کی شدید مخالفت کی اور بنگال کو ہندوستان کا اٹوٹ حصہ رکھنے کے لیے جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ قوم پہلے کا ان کاعہد آج بھی ملک کو متاثر کررہی ہے۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ڈاکٹر مکھرجی نے قومی اتحاد، ثقافتی شناخت اور جمہوری اقدار کے تحفظ میں ناقابل فراموش خدمات انجام دیں۔ ان کی ہمت، عزم اور قربانی آج بھی لاکھوں ہم وطنوں کے لیے مشعل راہ ہے۔
مرکزی سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے وزیر نتن گڈکری نے کہا کہ ڈاکٹر مکھرجی نے اقتدار چھوڑ کر ملک کے اتحاد اور سالمیت کے لیے اپنا سب کچھ قربان کر دیا، جسے قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔
صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر جگت پرکاش نڈا نے کہا کہ ڈاکٹر مکھرجی کی زندگی حب الوطنی، قربانی اور غیر متزلزل عزم کی زندہ مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ثقافتی قوم پرستی، بھارتیہ جن سنگھ سے لے کر آج کی بی جے پی تک، ان کے وژن کا ثبوت ہے۔
ڈاکٹر مکھرجی کو 'ایک ملک میں دو آئین، دو وزرائے اعظم، دو پرچم برداشت نہیں کیے جائیں گے' کے داعی بتاتے ہوئے اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ ہندوستان کے اتحاد اور سالمیت کے لیے ان کی عظیم قربانی ہر شہری کے دل میں قوم پرستی کے شعلے کو بھڑکاتی رہے گی۔
ہریانہ کے وزیر اعلیٰ نائب سنگھ سینی نے کہا کہ ملک کے اتحاد، سالمیت اور عزت نفس کے لیے ڈاکٹر مکھرجی کی خدمات اور ان کا غیر متزلزل عزم آج بھی ہم وطنوں کے لیے تحریک کا باعث ہے۔
راجستھان کے وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما نے کہا کہ ڈاکٹر مکھرجی کی زندگی حب الوطنی، بے مثال ہمت اور متحدہ ہندوستان کے لیے لگن کی ایک متاثر کن مثال ہے۔ ان کے خیالات اور نظریات ایک ترقی یافتہ، مضبوط اور خود انحصار ہندوستان کی تعمیر میں ہماری رہنمائی کرتے رہیں گے۔
مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ موہن یادو نے کہا کہ ڈاکٹر مکھرجی کا قوم سب سے پہلے کا جذبہ اور قومی سالمیت کے تئیں ان کی غیر متزلزل وابستگی ان کے ہم وطنوں کو ہمیشہ متاثر کرتی رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ قوم ان کی خدمات کی ہمیشہ مقروض رہے گی۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی