
مدھیہ پردیش میں 90 فیصد سے زیادہ شہری یو سی سی کے حق میں، اقلیتی برادری کی بھی بڑی تعداد میں حمایت: وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو
کہا، یو سی سی پر تمام اضلاع میں میٹنگیں ہو چکی ہیں، شہریوں کے 9 لاکھ سے زیادہ مشورے موصول ہوئے
بھوپال، 23 جون (ہ س)۔
مدھیہ پردیش میں یکساں سول کوڈ (یو سی سی) نافذ کرنے کے لیے تمام اضلاع میں عوامی مشاورتی میٹنگیں ہو چکی ہیں۔ شہریوں کے 9 لاکھ سے زیادہ مشورے موصول ہو چکے ہیں اور 90 فیصد سے بھی زیادہ شہری یو سی سی کے حق میں ہیں۔ اقلیتی برادری کی بھی بڑی تعداد میں حمایت حاصل ہوئی ہے۔
یہ معلومات مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے منگل کے روز وزارت میں ہوئی کونسل آف منسٹرز کی میٹنگ سے پہلے اپنے خطاب میں دیں۔ انہوں نے کہا کہ یو سی سی کے لیے تمام اضلاع میں عوامی مشاورتی میٹنگیں پرامن طریقے سے منعقد ہوئیں۔ ریاستی سطح کی مشاورت 22 جون کو بھوپال میں ہوئی۔ اس میں تمام کمیشنوں، محکموں، سیاسی جماعتوں اور مذہبی رہنماوں کے ساتھ علیحدہ علیحدہ میٹنگیں منعقد کر کے رائے لی گئی۔ شہریوں سے حاصل شدہ مشوروں کی بنیاد پر بل کے مسودے پر کمیٹی کی جانب سے محکمۂ قانون کے ساتھ مشترکہ طور پر کام کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ 30 جون تک مشورے لینے کا عمل پورا ہوگا اور اس کے بعد یو سی سی کا مسودہ 5 جولائی تک تیار کر لیا جائے گا۔ اس کے بعد آئندہ جولائی میں شروع ہو رہے مانسون سیشن میں اسے اسمبلی میں بل کے طور پر پیش کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ مشہور جنگلی حیات کی سیاحت گاہ باندھو گڑھ ٹائیگر ریزرو کو ”انڈیا ٹوڈے ٹورازم سروے اینڈ ایوارڈز-2026“ میں ”ایڈیٹرز چوائس ایوارڈ- بیسٹ وائلڈ لائف ڈیسٹینیشن“ کے زمرے میں نوازا گیا ہے۔ گوا میں مرکزی وزیر سیاحت و ثقافت گجیندر سنگھ شیخاوت نے یہ ایوارڈ پیش کیا۔ باندھو گڑھ ٹائیگر ریزرو، ملک و بیرونِ ملک کے سیاحوں کے درمیان اپنی مالامال حیاتیاتی تنوع (بائیو ڈائیورسٹی)، شیروں کی اچھی تعداد، قدرتی خوبصورتی اور موثر تحفظ کے انتظام کے لیے خاص پہچان رکھتا ہے۔ یہ ایوارڈ ریاستی حکومت کی جانب سے حیاتیاتی تنوع کے شعبے میں کی جا رہی کوششوں کا ہی نتیجہ ہے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے میٹنگ میں وزیروں کو صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے ریاستی دورے کے تعلق سے معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے بتایا کہ صدر جمہوریہ مرمو نے ریاست کی کامیابیوں کی ستائش کی۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ 20 جون کو وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعے کسانوں کو ’پردھان منتری کسان سمان ندھی‘ کی رقم منتقل کی گئی۔ ریاست کے 81 لاکھ سے زیادہ کسانوں کو پی ایم کسان سمان ندھی کے طور پر 1640 کروڑ روپے حاصل ہوئے ہیں۔ اس کے لیے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے ریاست کے کسانوں کی طرف سے وزیر اعظم مودی کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ ریاست میں 15 سے 29 جولائی تک گرو پورنیما پندرہ واڑا منایا جائے گا۔ اس مدت کے دوران تمام اسکولوں میں الگ الگ تعلیمی و ثقافتی مقابلے اور سرگرمیاں ہوں گی۔ اس میں عوامی نمائندے، والدین اور ماہرینِ موضوع شامل ہوں گے۔ اس میں طلبہ کی ترقی کا ایکشن پلان بنایا جائے گا۔ اسکولہ تعلیم کے محکمے نے ہر دن کا ایکشن پلان تیار کیا ہے، جس میں تقریر، مضمون نویسی کے مقابلے، سنسکرت شلوک کی پیشکش، صحت سے متعلق بیداری، شجرکاری اور کیریئر گائیڈنس وغیرہ جیسے موضوعات شامل کیے گئے ہیں۔ اس مدت کے دوران ساندیپنی اسکولوں میں ایک روزہ گرو پورنیما اتسو (تقریب) کا انعقاد ہوگا۔ اس کے تحت اسکول کے طلبہ کے ذریعے سائنس نمائش اور اختراعات وغیرہ کے پروگرام کیے جائیں گے۔ پروگرام میں والدین، عوامی نمائندوں اور شہریوں کی شرکت ہوگی۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ریاست میں 19 مارچ سے شروع ہونے والی ’جل گنگا سموردھن مہم‘ کا 25 سے 30 جون 2026 کی مدت میں تقریب کے ساتھ اختتام ہوگا۔ حکومتِ ہند کی ’جل سنچئے جن بھاگی داری مہم‘ میں مدھیہ پردیش کا تیسرا مقام ہے۔ ڈنڈوری، کھنڈوا اور شہڈول ملک کے پہلے 10 اضلاع میں، جب کہ کھنڈوا اور اندور کے شہری بلدیاتی ادارے ملک کے پہلے 10 شہری بلدیاتی اداروں میں شامل ہیں۔ ریاست میں اس مہم کے تحت پانی کے تحفظ اور اس کے فروغ میں نمایاں کام ہوئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ریاست کی تمام گرام پنچایتوں میں تقریب کے ساتھ اختتامی پروگرام منعقد کیا جائے۔ مہم کے تحت کیے گئے کاموں کی نمائش، تقریر، گرام پنچایت میں عوامی شراکت داری سے کیے گئے کاموں کی پریزنٹیشن دی جائے اور پانی کے صحیح استعمال کا حلف بھی دلایا جائے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن