
نئی دہلی، 23 جون (ہ س)۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر نتن نوین نے منگل کو کرناٹک قانون ساز کونسل کے انتخابات میں مبینہ کراس ووٹنگ پر ریاستی صدر بی وائی وجےندر سے ناراضگی ظاہر کی۔ انہوں نے واضح پیغام جاری کیا کہ کراس ووٹنگ کے ذریعے پارٹی سے غداری کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
میٹنگ میں نتن نوین نے پارٹی کو مشورہ دیا کہ وہ متحد ہوکر لڑیں اور 2028 کے اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی جیت کو یقینی بنائیں۔ بی جے پی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ میٹنگ میں کرناٹک قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر آر اشوکا بھی موجود تھے۔ میٹنگ کے بعد کرناٹک کے ریاستی صدر نے میڈیا کو بتایا کہ اپوزیشن لیڈر آر اشوک اور سینئر لیڈروں نے صدر نتن نوین سے ملاقات کی تاکہ ایم ایل سی انتخابات کے دوران کراس ووٹنگ کی ابتدائی رپورٹ پیش کی جا سکے۔ ریاستی یونٹ نے اس معاملے کو بہت سنجیدگی سے لیا ہے اور اس کی تحقیقات کے لیے پہلے ہی ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ اب پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ کراس ووٹنگ کے ذریعے پارٹی سے غداری کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔ انہوں نے ہمیں مشورہ دیا ہے کہ متحد ہو کر لڑیں اور 2028 کے انتخابات میں پارٹی کی جیت کو یقینی بنائیں اور ہم اس کے مطابق آگے بڑھیں گے۔
کرناٹک اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر آر اشوک نے کہا کہ بی جے پی کے دو امیدواروں نے ایم ایل سی انتخابات میں کامیابی حاصل کی۔ پارٹی کے دو یا تین ایم ایل ایز نے بی جے پی کے خلاف کراس ووٹ دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پارٹی کے ساتھ غداری ہے اور اسے ہلکے میں نہیں لیا جائے گا۔ انہوں نے آج بی جے پی صدر سے ملاقات کی اور انہیں کرناٹک میں کراس ووٹنگ کے پورے واقعہ سے آگاہ کیا۔ پارٹی کی مرکزی قیادت کو تمام حقائق سے آگاہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی اس معاملے میں سنجیدہ ہے اور قصوروار پائے جانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی قیادت اس مسئلہ پر مناسب فیصلہ کرے گی۔ قابل ذکر ہے کہ کرناٹک قانون ساز کونسل کے حالیہ انتخابات میں کانگریس نے سات میں سے پانچ سیٹیں جیتی ہیں۔ وجےندر نے پہلے مشورہ دیا تھا کہ مشتبہ ایم ایل اے کو لارڈ منجوناتھ کے سامنے حلف دلایا جائے تاکہ کراس ووٹنگ کے بارے میں سچائی کا پردہ فاش کیا جا سکے۔ تاہم پارٹی نے اب اس تجویز پر عمل درآمد نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بی جے پی نے معاملے کی تحقیقات کے لیے فیکٹ فائنڈنگ پینل تشکیل دیا ہے۔ یہ کمیٹی انتخابات کے دوران ووٹنگ کے ارد گرد کے حالات کا جائزہ لے گی اور پارٹی لائن سے مبینہ طور پر انحراف کرنے والوں کی نشاندہی کرنے کی کوشش کرے گی۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی