
نئی دہلی، 23 جون (ہ س)۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے اساتذہ بھرتی امتحان میں مبینہ بے ضابطگیوں اور ہیرا پھیری کے معاملے میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے تمل ناڈو کے مختلف شہروں میں چھاپے مارے ہیں۔ ای ڈی کی ٹیمیں چنئی، تریچی، کوئمبتور اور مدورئی سمیت تقریباً 18 مقامات پر وسیع تلاشی مہم چلا رہی ہیں۔ اس معاملے میں مرکزی ایجنسی منی لانڈرنگ کے زاویے سے تحقیقات کو آگے بڑھا رہی ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق ای ڈی کی یہ کارروائی سال 2017 میں سنٹرل کرائم برانچ (سی سی بی) کی جانب سے درج کی گئی ایک فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کی بنیاد پر کی جا رہی ہے۔ اس معاملے میں پولیس نے تحقیقات مکمل کرکے سال 2021 میں عدالت میں چارج شیٹ داخل کی تھی۔ پولیس کی اسی چارج شیٹ کو بنیاد بناتے ہوئے ای ڈی نے مقدمہ درج کیا تھا اور اب اسی سلسلے میں شواہد جمع کرنے کے لیے یہ چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
منگل کی صبح شروع ہونے والی یہ کارروائی متعلقہ شہروں میں مشتبہ افراد اور معاملے سے وابستہ لوگوں کی رہائشی اور تجارتی املاک پر بیک وقت جاری ہے۔ ای ڈی کے افسران مختلف دستاویزات، مالی لین دین کے ریکارڈ اور ڈیجیٹل آلات کی جانچ کر رہے ہیں۔
ایجنسی کو شبہ ہے کہ امتحان میں ہیرا پھیری کے بدلے بڑے پیمانے پر غیر قانونی رقم کا لین دین کیا گیا تھا۔ فی الحال معاملے میں مزید تفصیلی تحقیقات اور قانونی کارروائی کا عمل جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد