ہریانہ کے مالی بے ضابطگی معاملے میں سینئر آئی اے ایس افسر پنکج اگروال گرفتار
نئی دہلی، 23 جون (ہ س)۔ مرکزی تفتیشی بیورو نے ہریانہ کے چرچت مالی بے ضابطگی معاملے میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے سینئر آئے اے ایس افسر پنکج اگروال کو پیر کے روز گرفتار کر لیا۔ ملزم افسر کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ وہ ہریانہ اسکولی تعلیم پروجیکٹ کونس
ہریانہ کے مالی بے ضابطگی معاملے میں سینئر آئی اے ایس افسر پنکج اگروال گرفتار


نئی دہلی، 23 جون (ہ س)۔ مرکزی تفتیشی بیورو نے ہریانہ کے چرچت مالی بے ضابطگی معاملے میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے سینئر آئے اے ایس افسر پنکج اگروال کو پیر کے روز گرفتار کر لیا۔ ملزم افسر کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ وہ ہریانہ اسکولی تعلیم پروجیکٹ کونسل اور ہریانہ ریاستی زرعی مارکیٹنگ بورڈ میں اُس وقت پرنسپل سیکریٹری کے عہدے پر فائز تھے۔

مرکزی تفتیشی بیورو کے مطابق یہ معاملہ چندی گڑھ کے سیکٹر 32 میں واقع ایک نجی بینک کی شاخ میں کھولے گئے کھاتوں کے ذریعے سرکاری فنڈز کے غلط استعمال سے متعلق ہے۔ تحقیقات میں سامنے آیا کہ ہریانہ حکومت کے محکمہ خزانہ کی موجودہ ہدایات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ان محکموں کے بینک کھاتے کھولے گئے اور بعد میں مقررہ حد سے زیادہ رقم ان میں منتقل کی گئی۔ یہ کھاتے پنکج اگروال کے دورِ کار میں کھولے گئے تھے۔ ان کھاتوں میں دھوکہ دہی پر مبنی لین دین کے ذریعے رقوم کی ہیرا پھیری کی گئی، جس سے سرکاری خزانے کو 60.54 کروڑ روپے کا خالص نقصان پہنچا۔ مرکزی تفتیشی بیورو نے تحقیقات کے دوران ملزم افسر کے خلاف مضبوط شواہد اکٹھے کیے ہیں۔

مرکزی تفتیشی بیورو نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی درخواست پر اس معاملے کی تفتیش ہریانہ ریاستی نگرانی اور انسدادِ بدعنوانی بیورو سے اپنے ہاتھ میں لی گئی تھی۔ ان دونوں محکموں میں ہونے والی دھوکہ دہی میں تقریباً 60.54 کروڑ روپے کی ہیرا پھیری شامل ہے، جو سیکٹر 32 میں واقع بینک شاخ میں سامنے آنے والے ایک بڑے گھوٹالے کا حصہ ہے۔ اس بڑے گھوٹالے میں ہریانہ حکومت کے آٹھ محکموں کے 504 کروڑ روپے کی خطیر رقم کی ہیرا پھیری کر کے اسے فرضی کمپنیوں میں منتقل کیا گیا۔

اس معاملے میں مرکزی تفتیشی بیورو اب تک 17 ملزمان کے خلاف فردِ جرم داخل کر چکا ہے، جن میں چھ بینک افسران، تین سرکاری ملازمین، دو کمپنیاں اور چھ نجی افراد شامل ہیں۔

ایجنسی نے مزید بتایا کہ اسی معاملے میں پنچکولہ میونسپل کارپوریشن میں مالی بے ضابطگی کے سلسلے میں گرفتار کیے گئے ایک اور سینئر انتظامی افسر آر کے سنگھ کو پولیس ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ مرکزی تفتیشی بیورو نے چندی گڑھ اسمارٹ سٹی لمیٹڈ اور کریسٹ چندی گڑھ سے متعلق دو دیگر معاملات کی تفتیش بھی اپنے ہاتھ میں لے لی ہے۔ ان دونوں مقدمات میں بھی فردِ جرم داخل کی جا چکی ہے، جبکہ کریسٹ معاملے میں ایک سینئر بھارتی محکمہ جنگلات کے افسر کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔

مرکزی تفتیشی بیورو نے کہا ہے کہ عوامی رقم کی اس بڑے پیمانے کی ہیرا پھیری میں ملوث تمام ذمہ دار افراد کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے وہ پوری طرح پُرعزم ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande