مہایوتی کا قانون ساز کونسل میں غلبہ، 17 میں سے 16 نشستوں پر کامیابی
ممبئی ، 22 جون (ہ س) مہاراشٹر قانون ساز کونسل کی مقامی خود اختیاری اداروں کے حلقوں کی انتخابی مہم کے نتائج سامنے آنے کے بعد مہایوتی نے ریاستی سیاست میں اپنی مضبوط پوزیشن کا ایک بار پھر مظاہرہ کیا ہے۔ 17 میں سے 16 نشستوں پر کامیابی حاصل کرتے ہوئ
Politics Maha Legislative Council


ممبئی ، 22 جون (ہ س) مہاراشٹر قانون ساز کونسل کی مقامی خود اختیاری اداروں کے حلقوں کی انتخابی مہم کے نتائج سامنے آنے کے بعد مہایوتی نے ریاستی سیاست میں اپنی مضبوط پوزیشن کا ایک بار پھر مظاہرہ کیا ہے۔ 17 میں سے 16 نشستوں پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے اتحاد نے قانون ساز کونسل میں اپنی برتری مزید مستحکم کر لی ہے۔ 18 جون کو ہونے والی پولنگ کے بعد باقی 11 نشستوں کے نتائج کا اعلان کیا گیا، جبکہ اس سے قبل 6 امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو چکے تھے۔

تاہم ناسک حلقے میں مہایوتی کو غیر متوقع دھچکا لگا، جہاں آزاد امیدوار اور بی جے پی کے باغی رہنما گوکل گیتے نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے شیوسینا کے امیدوار نریندر دراڈے کو شکست دے دی۔ اس نتیجے نے انتخابی عمل میں سب سے زیادہ سیاسی توجہ حاصل کی۔ انتخابی نتائج کے مطابق بی جے پی نے 11 نشستیں، شیوسینا نے 4 اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی نے 2 نشستیں اپنے نام کیں، جبکہ ایک نشست آزاد امیدوار کے حصے میں گئی۔ اس کامیابی کے ساتھ مہایوتی کی قانون ساز کونسل میں عددی طاقت مزید بڑھ گئی ہے۔ بلا مقابلہ منتخب ہونے والوں میں تھانے سے رویندر پھاٹک، یوتمال سے دشیانت چترویدی، رائے گڑھ-رتناگیری-سندھودرگ سے انیکیت تٹکرے، پونے سے وکرم کاکڑے، وردھا-گڈچرولی-چندرپور سے ارون لکھانی اور اہلیہ نگر سے پراجکت تنپورے شامل ہیں۔

جن حلقوں میں باقاعدہ انتخاب ہوا، وہاں اورنگ آباد-جالنہ سے سہاس شِرساٹ، بھنڈارا-گوندیا سے اویناش برہمنکر، سانگلی-ستارا سے دھیریہ شیل قدم، پربھنی-ہنگولی سے سعید خان، شولاپور سے راجیندر راؤت، دعثمان آباد-لاتور-بیڑ سے بسوراج پاٹل، ناگپور سے راجیو پوتدار، جلگاؤں سے نندکشور مہاجن، امراوتی سے پروین پوتے اور ناندیڑ سے امر راجورکر کامیاب قرار پائے۔

ووٹنگ کے تناسب پر نظر ڈالیں تو ناسک اور بھنڈارا-گوندیا میں سو فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی۔ سانگلی-ستارا میں 99.89 فیصد، پربھنی-ہنگولی میں 99.78 فیصد، شولاپور میں 99.68 فیصد، دھاراشیو-لاتور-بیڑ میں 99.49 فیصد، ناگپور میں 98.44 فیصد اور جلگاؤں میں 97.78 فیصد ووٹنگ درج ہوئی۔

سیاسی اعداد و شمار کے مطابق ناگپور میں بی جے پی کو 501 ارکان کی حمایت حاصل تھی، جبکہ دھاراشیو-لاتور-بیڑ میں 379 اور سانگلی-ستارا میں 371 ارکان کی تائید حاصل تھی۔ پونے میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی 375 ارکان کے ساتھ مضبوط پوزیشن میں تھی۔ ناسک میں بی جے پی، شیوسینا اور این سی پی کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا، لیکن آخرکار گوکل گیتے کی کامیابی نے پورے انتخابی منظرنامے کو نئی بحث کا موضوع بنا دیا۔

سیاسی مبصرین کے مطابق ان نتائج سے واضح ہوا ہے کہ مقامی خود اختیاری اداروں میں مہایوتی کی گرفت بدستور مضبوط ہے، جبکہ مہاوکاس اگھاڑی اپنی توقعات کے مطابق کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔

ہندوستھان سماچار

--------------------

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande