
نئی دہلی، 22 جون (ہ س): قومی انسانی حقوق کمیشن (این ایچ آر سی) نے تمل ناڈو کے ضلع تروولّور میں واقع ایک جھینگا پروسیسنگ فیکٹری میں امونیا گیس کے اخراج کے معاملے کا ازخود نوٹس لیا ہے۔ اس حادثے میں دو خواتین مزدوروں کی موت ہو گئی، جبکہ 50 سے زائد ملازمین بیمار ہو گئے۔ کمیشن نے ریاست کے چیف سیکریٹری اور ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں کے اندر تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔
شائع شدہ خبروں کے مطابق یہ حادثہ اتوار (21 جون) کو اس وقت پیش آیا جب فیکٹری کے ملازمین قریب ہی ایک کمرے میں آرام کر رہے تھے۔ اسی دوران اچانک امونیا گیس کا رساؤ شروع ہو گیا اور زہریلی گیس اس کمرے میں پھیل گئی۔ گیس کے اثر سے دو خواتین موقع پر ہی ہلاک ہو گئیں، جبکہ کمرے میں موجود دیگر افراد شدید طور پر بیمار ہو گئے۔
حادثے کے فوراً بعد 59 مزدوروں کو چنئی اور تروولّور کے مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
کمیشن نے ہدایت دی ہے کہ رپورٹ میں مزدوروں کی صحت کی موجودہ حالت کے ساتھ ساتھ جاں بحق مزدوروں کے اہلِ خانہ کو ریاستی حکومت کی جانب سے دی جانے والی معاوضے کی تفصیلات بھی شامل کی جائیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد