

بھوپال، 22 جون (ہ س)۔
صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے مدھیہ پردیش کے اپنے پانچ روزہ دورے کے اختتام پر پیر کو شیوپور ضلع کے مشہور کونو نیشنل پارک کا دورہ کیا۔ صدر جمہوریہ پیر کی صبح گوالیار سے دہلی کے لیے ایئر فورس کے طیارے سے روانہ ہوئیں۔ انہیں گرمجوشی سے الوداع کیا گیا۔
صدرجمہوریہ مرمو اتوار کی شام کونو نیشنل پارک پہنچیں۔ انہوں نے رات وہیں گزاری اور پیر کی صبح پارک کا دورہ کیا اور چیتا متر اور سہاریہ قبیلے کے اراکین سے بات چیت کی۔ انہوںنے پروجیکٹ چیتا میں ان کے تعاون کے لیے ان کی تعریف کی۔
کونو کا دورہ کرنے کے بعد صدر مرمو صبح 9:15 بجے ہیلی کاپٹر کے ذریعے شیوپور سے روانہ ہوئیں اور گوالیار کے مہاراج پورہ ایئر فورس بیس پر پہنچیں۔ مدھیہ پردیش کے گورنر منگو بھائی پٹیل بھی ان کے ساتھ تھے۔ گوالیار ہوائی اڈے پر گورنر منگو بھائی پٹیل، ریاستی آبی وسائل کے وزیر تلسیرام سلاوٹ، سماجی انصاف کے وزیر نارائن سنگھ کشواہ، وزیر توانائی پردیومن سنگھ تومر، ایم پی بھرت سنگھ کشواہ، اور میئر شوبھا سیکروار نے صدر کو الوداع کیا۔
قبل ازیں اتوار کی شام صدر مرمو نے کونو نیشنل پارک میں چیتا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ کیا۔ اپنے دورے کے دوران صدر کو چیتاوں کی نگرانی اور ٹریکنگ کے عمل کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ صدر نے چیتا کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کمپلیکس میں چیتا پروجیکٹ کی پیش رفت سے متعلق ایک نمائش کا بھی دورہ کیا۔ صدر کو بتایا گیا کہ ہندوستان میں اس وقت 52 چیتا ہیں جن میں سے 49 کنو میں ہیں اور تین کو مندسور کے گاندھی ساگر سینکچری میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
صدر جمہوریہ نے چیتاوں کے لیے فراہم کی جانے والی ضروری سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہیں بتایا گیا کہ جنگل میں ہر دو کلومیٹر کے فاصلے پر پانی کے گڑھے بنائے گئے ہیں جنہیں ضرورت کے مطابق بھر دیا جاتا ہے۔ انہیں بوتسوانا سے لائے گئے چیتاوں کی سرگرمیوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔قابل ذکر ہے کہ صدر مرمو کو بوتسوانا کے دورے کے دوران آٹھ چیتے ملے تھے جنہیں کونو لایا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ