
چھندواڑہ، 22 جون (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے چھندواڑہ ضلع کے ساوری تھانہ علاقے میں پیر کو قومی شاہراہ پر مزدوروں کو لے کر جا رہا ایک پک اپ سامنے آرہے ٹرک سے ٹکرا گیا۔ حادثے میں 5 مزدور جاں بحق جب کہ 18 سے زائد زخمی ہوئے جنہیں قریبی اسپتال لے جایا گیا۔
پولیس کے مطابق، حادثہ پیر کی صبح تقریباً 10 بجے چھندواڑہ-بیتول قومی شاہراہ پر ٹیمنی خورد گاوں کے قریب پیش آیا۔ ایک پک اپ ٹرک سامنے آرہے ٹرک سے ٹکرا گیا۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ پک اپ کے شیشے ٹوٹ گئے اور اندر موجود مزدور دور دور تک جا گرے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور انتظامی عملہ جائے وقوعہ پر پہنچ گیا اور راحت اور بچاو کا کام شروع کیا۔ زخمیوں کو 108 ایمبولینس کی مدد سے قریبی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا۔
ساوری تھانے کے انچارج مکیش دویدی نے بتایا کہ پک اپ گاڑی میں بڑی تعداد میں مزدور سفر کر رہے تھے۔ حادثے میں پانچ افراد ہلاک اور تقریباً 18 زخمی ہو گئے۔ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جنہیں آئی سی یو میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ مرنے والوں کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں تین خواتین بھی شامل ہیں۔
حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ڈی ایم دھیریندر سنگھ اسپتال پہنچے اور واقعہ کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ڈاکٹروں کو ہدایت کی کہ وہ زخمیوں کے مناسب علاج کا بندوبست کریں۔
پولیس فی الحال حادثے کی وجہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری اور تصادم کے باعث پیش آیا۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پنڈھرنا کے ایم ایل اے نیلیش اوئیکےجائے وقوعہ پر پہنچے۔ انہوں نے کہا، چھندواڑہ-بیتول ہائی وے پر ایک خوفناک حادثہ پیش آیا۔ کئی لوگ زخمی ہوئے اور اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ پولس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی