
نئی دہلی، 22 جون (ہ س)۔ ایران کی سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کے ڈپٹی سکریٹری غدیر نظامی برکس ممالک کے قومی سلامتی کے مشیروں اور سیکورٹی ایجنسیوں کے سربراہان کے اجلاس میں شرکت کے لیے پیر کو نئی دہلی پہنچے۔
ہندوستان میں ایرانی سفارت خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر مطلع کیا کہ غدیر نظامی اپنے دورے کے دوران مختلف خصوصی نشستوں میں شرکت کریں گے اور سیکورٹی کے مسائل اور کثیر جہتی تعاون پر تبادلہ خیال کے لیے شریک ممالک کے حکام سے ملاقات کریں گے۔
سفارتخانے کے مطابق ملاقات میں دہشت گردی، سائبر سیکیورٹی، انرجی سیکیورٹی اور کثیر الجہتی تعاون جیسے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ نظامی اجلاس میںشرکت کرنے والے ممالک کے حکام سے بھی ملاقات کریں گے۔ اجلاس کا مقصد رکن ممالک کے درمیان سیکیورٹی معاملات پر تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ برکس ممالک کے قومی سلامتی کے مشیروں اور سیکورٹی ایجنسیوں کے سربراہوں کی 16ویں میٹنگ یہاں 22 اور 23 جون کو نئی دہلی میں ہو رہی ہے۔
ہندوستان کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول کی زیر صدارت دو روزہ اجلاس میں سائبر سیکورٹی، مصنوعی ذہانت، دہشت گردی اور دیگر غیر روایتی سیکورٹی چیلنجوں پر تفصیلی بات چیت متوقع ہے۔ یہ اجلاس ستمبر 2026 میں طے شدہ برکس سربراہی اجلاس کا حصہ ہے جس میں برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقہ سمیت برکس کے توسیعی رکن ممالک شرکت کریں گے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی