
نئی دہلی، 22 جون (ہ س)۔ وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر اپنے چار روزہ غیر ملکی دورے کے پہلے مرحلے پر پیر کو منگولیا پہنچے اور دارالحکومت اولانبٹور میں اپنے ہم منصب، وزیر خارجہ بتسیتسیگ بیٹمنکھ سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماوں نے دوطرفہ تعلقات اور ترقیاتی منصوبوں، صلاحیت سازی، ثقافت، تعلیم اور سلامتی سمیت تعاون کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔
جے شنکر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ وہ وزیر خارجہ بتسیتسیگ بیٹمنکھ سے مل کر بہت خوش ہیں۔ بات چیت میں ہندوستان-منگولیا اسٹریٹجک شراکت داری کی گرمجوشی، مضبوطی اورامکانات کا جائزہ لیاگیا۔ دونوں رہنماوں نے ترقیاتی منصوبوں، صلاحیت سازی، ثقافت، تعلیم، سلامتی اور کثیرالجہتی فورمز میں تعاون میں پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کان کنی، صاف توانائی اور زرعی پروسیسنگ کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
جے شنکر نے کہا کہ ہندوستان منگولیا کا تیسرا پڑوسی اور روحانی ساتھی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی اور خوشگوار تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے تیار ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ڈاکٹر جے شنکر 22 اور 23 جون کو منگولیا کے دورہ پرہیں۔ اس دورے کے دوران وہ منگول قیادت سے ملاقات کریں گے۔ جس کے بعد وزیر خارجہ 24 اور 25 جون کو جنوبی کوریا جائیں گے۔ وہاں، وہ وزیر خارجہ چو ہیون کے ساتھ بات چیت کریں گے اور 25 جون کو جیجو میں جیجو فورم برائے امن اور خوشحالی میں کلیدی خطاب کریں گے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی