
کالکاتا، 21 جون (ہ س)۔ کالکاتا کے ریڈ روڈ پر 12ویں بین الاقوامی یوگا ڈے کے موقع پر اتوار کو شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام میں وزیر اعظم نریندر مودی نے یوگا ابھیاس (مشق) میں حصہ لیا۔ ان کے ساتھ مغربی بنگال کے وزیر اعلیٰ شبھیندو ادھیکاری، گورنر آر این روی، ریاست کے وزراء، اسمبلی اسپیکر رتھیندر ناتھ بسو، ارکانِ اسمبلی، طلبہ و طالبات، کھلاڑی، یوگا کے ماہرین اور مختلف تنظیموں کے نمائندے موجود رہے۔ وزیر اعظم کے دورے اور یوگا ڈے کی اہم تقریب کے پیشِ نظر پورے علاقے میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
وزیر اعظم نریندر مودی اتوار کی صبح ریڈ روڈ پہنچے اور اسٹیج سے ہم وطنوں کو بین الاقوامی یوگا ڈے کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ 21 جون سال کا وہ دن ہے، جب زمین کے ایک حصے میں سب سے لمبا دن ہوتا ہے، لیکن بین الاقوامی یوگا ڈے کے طور پر پہچان ملنے کے بعد اس دن کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یوگا سب کو جوڑنے کا ذریعہ ہے اور آج 21 جون دنیا کے سب سے بڑے تہواروں میں تبدیل ہو چکا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ یوگا ہندوستان کی قدیم روایت ہونے کے باوجود اب پوری دنیا کے لائف اسٹائل کا حصہ بن رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں ہمالیہ سے بحرِ ہند تک، شمال مشرق اور بنگال سے لے کر مغرب میں سوراشٹر تک یوگا کی توانائی دکھائی دے رہی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کالکاتا میں یوگا ڈے کی تقریب میں شامل ہونا ان کے لیے خوشی کی بات ہے۔
انہوں نے مغربی بنگال کی روحانی اور ثقافتی وراثت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ شری اروند، سوامی وویکانند اور شری رام کرشن پرمہنس کی سرزمین ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس سرزمین پر یوگا ڈے کا انعقاد خاص اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے شری اروند کے خیالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شری اروند نے اپنی پوری زندگی کو یوگا سے جڑا ہوا بتایا تھا اور یوگا دراصل انسانی شعور سے جڑنے کا راستہ ہے۔
وزیر اعظم نے کالکاتا کے شہریوں کی بھی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ یوگا ڈے کے انعقاد کے لیے شہر کے لوگوں نے صفائی، انتظام اور شہری فرض کی ادائیگی میں کافی محنت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کا یہ جوش و خروش اور تعاون قابلِ تعریف ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ یوگا کو صرف ایک دن کے پروگرام تک محدود نہیں رکھنا چاہیے۔ اسے روزمرہ کی زندگی کا اٹوٹ حصہ بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یوگا صحت مند زندگی گزارنے میں مدد کرتا ہے اور ذہنی صحت کے ساتھ جسمانی صحت کو بھی بہتر بنائے رکھنے کا راستہ دکھاتا ہے۔ یوگا لائف اسٹائل میں توازن لاتا ہے اور انسان کو عمر بڑھنے کے باوجود توانا بنائے رکھتا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ شری کرشن نے بھی گیتا میں یوگا کی اہمیت کا ذکر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماج صحت مند ہوگا تو ملک بھی صحت مند بنے گا۔
وزیر اعظم کے خطاب کے بعد ریڈ روڈ پر اجتماعی یوگا کی مشق شروع ہوئی۔ اس دوران وزیر اعلیٰ شبھیندو ادھیکاری نے وزیر اعظم نریندر مودی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ مغربی بنگال میں یوگا کی پرانی روایت رہی ہے۔ وزیر اعظم کی موجودگی سے ریاست میں یوگا ڈے کا انعقاد تاریخی بن گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ طویل عرصے تک مغربی بنگال میں یوگا ڈے کے حوالے سے سرکاری سطح پر کوئی خاص پہل نہیں ہوئی، لیکن اب ریاست میں یوگا کے تئیں لوگوں کا جوش و خروش بڑھا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت اور ان کے فیصلوں کی وجہ سے آج مغربی بنگال میں یوگا ڈے کا اتنا بڑا انعقاد ممکن ہو سکا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ریڈ روڈ پر منعقدہ یوگا پروگرام کے لیے 2 لاکھ 57 ہزار لوگوں نے رجسٹریشن کرایا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم کا یوگا ڈے پروگرام میں شامل ہونے کے لیے شکریہ ادا کیا۔
ریڈ روڈ پر اہم یوگا پروگرام صبح تقریباً 6.30 بجے شروع ہوا۔ پروگرام میں تقریباً 35 ہزار لوگوں کے وزیر اعظم کے ساتھ یوگا کرنے کا انتظام کیا گیا تھا۔ شرکاء کو صبح 6.15 بجے تک پروگرام کے مقام پر داخل ہونے کی ہدایات دی گئی تھیں۔ صبح سے ہی شہر کے مختلف حصوں سے لوگ ریڈ روڈ کی طرف پہنچتے دکھائی دیے۔
یوگا ڈے کے پروگرام میں حصہ لینے والے لوگوں کی سہولت کے لیے اتوار کے روز علی الصبح سے کالکاتا میٹرو کی خدمات شروع کر دی گئی تھیں۔ بلو لائن، گرین لائن سمیت شہر کی تمام میٹرو لائنوں پر صبح 4 بجے کے کچھ وقت بعد سے خدمات چالو کر دی گئیں، تاکہ دور دراز سے آنے والے شرکاء وقت پر ریڈ روڈ پہنچ سکیں۔
وزیر اعظم کے دورے کے پیشِ نظر ریڈ روڈ اور آس پاس کے علاقوں میں کثیر سطحی سیکورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔ بڑی تعداد میں پولیس اہلکاروں اور سیکورٹی فورسز کو تعینات کیا گیا تھا۔ ٹریفک کے نظام کو رواں دواں رکھنے کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ پروگرام کے مقام پر داخلے کے لیے مقررہ وقت اور سیکورٹی جانچ کا انتظام کیا گیا تھا۔
بین الاقوامی یوگا ڈے کے موقع پر ریڈ روڈ میں منعقدہ یہ پروگرام مغربی بنگال کے لیے خاص اہمیت کا حامل رہا۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی، ہزاروں لوگوں کی شرکت اور وسیع انتظامی تیاریاں کے درمیان کالکاتا میں یوگا ڈے کا اہم انعقاد مکمل ہوا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن