
نیٹ یو جی ری-امتحان 2026 اتر پردیش میں سخت سیکورٹی کے درمیان منعقد
لکھنو، 21 جون (ہ س)۔
اتر پردیش کے 59 اضلاع میں قومی اہلیت و داخلہ امتحان (نیٹ یو جی ری-امتحان 2026) سخت سیکورٹی کے درمیان منعقد ہو گیا۔ ابھی تک کہیں سے بھی کوئی شکایت نہیں ملی ہے۔ وہیں، امتحان دے کر نکلنے والے امیدواروں کا کہنا تھا کہ وہ دوبارہ امتحان دے رہے ہیں اور اس بار انہیں کامیابی ملے گی۔ پچھلی بار امتحان (کا پیپر) لیک ہو گیا تھا، جس سے انہیں کافی مایوسی ہوئی تھی اور ان کا حوصلہ ٹوٹ گیا تھا۔
ریاست کے دارالحکومت لکھنو میں 72 مراکز پر نیٹ یو جی کا ری-امتحان ہوا ہے۔ امتحان کے دوران سیکورٹی کے سخت انتظامات رہے۔ ایک-ایک امیدوار کی تفصیلی جانچ کے بعد امتحان مرکز میں داخلہ دیا گیا۔ ضلع مجسٹریٹ (کلکٹر) وشاکھ جی اور جوائنٹ سی پی ببلو کمار نے کئی امتحان مراکز کا معائنہ کیا۔
ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ لکھنو کے تمام مراکز پر سخت سیکورٹی کے درمیان امتحان ہوا ہے۔ تمام مقامات پر پولیس فورس کے علاوہ مجسٹریٹ نگرانی کر رہے تھے۔ وہیں، جوائنٹ سی پی ببلو کمار نے بتایا کہ تمام مراکز پر تین تہوں (تھری لیئر) پر مشتمل سخت جانچ کے بعد امیدواروں کو داخلہ دیا گیا تھا۔ ابھی تک کہیں سے کوئی شکایت نہیں ملی ہے۔ ہماری ٹیم پوری طرح مستعد ہے اور سوشل میڈیا پر خاص نظر رکھی جا رہی ہے۔ ایک طرف جہاں سخت رویہ اپنایا جا رہا ہے، وہیں پولیس کی انسانیت بھی دیکھنے کو ملی ہے۔ گومتی نگر میں واقع کیندریہ ودیالیہ میں غلط امتحان مرکز پر پہنچنے والی طالبہ کو پولیس اہلکاروں نے اس کے اصل سینٹر ’گورنمنٹ گرلز انٹر کالج‘ پہنچایا۔
دیوریا ضلع کے 14 امتحان مراکز پر سخت سیکورٹی انتظامات کے درمیان امتحان شروع ہوا۔ امتحان میں 5702 امیدوار شامل ہو رہے ہیں۔ تمام مراکز پر تقریباً 300 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ ایس او جی اور ایس ٹی ایف کی ٹیمیں بھی مسلسل نگرانی میں مصروف رہیں۔ وہیں ہر مرکز پر اسٹیٹک مجسٹریٹ کی تعیناتی کر کے امتحانی نظام پر گہری نظر رکھی گئی۔
جونپور ضلع میں بنائے گئے 17 مراکز پر امتحان پرامن طریقے سے منعقد ہوا۔ امتحان میں کل 8905 امیدوار شامل ہوئے۔ بریلی ضلع میں نیٹ امتحان کے لیے 24 امتحان مراکز بنائے گئے تھے۔ میرٹھ کے کل 15 امتحان مراکز پر امتحان کا انعقاد کیا گیا۔ مرادآباد ضلع میں 22 امتحان مراکز پر تقریباً 10,600 امیدوار شامل ہوئے۔
قابلِ ذکر ہے کہ ملک کے سب سے بڑے ’نیٹ-یو جی 2026‘ امتحان کو پوری طرح شفاف، منصفانہ اور پرامن طریقے سے مکمل کرانے کے لیے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے سخت ہدایات دی تھیں۔ اس کے بعد ریاست کی پولیس نے کمر کس لی تھی اور پوری ریاست کے امتحان مراکز پر سخت سیکورٹی کے انتظامات کیے گئے تھے۔ اترپردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے نیٹ-یو جی امتحان میں شامل ہونے والے امیدواروں کے لیے سفر کے کرایے میں 50 فیصد چھوٹ دی تھی، لیکن امیدوار کو اپنا ایڈمٹ کارڈ دکھانا ضروری تھا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن