
جے پور، 21 جون (ہ س)۔ ویسٹرن ڈسٹربنس کے اثر سے راجستھان میں بارش جاری ہے۔ اتوار کو جے پور سمیت ریاست کے کئی شہروں میں ہلکی سے درمیانی بارش ریکارڈ کی گئی۔ جھنجھنو میں سب سے زیادہ 34 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے 24 جون تک ریاست کے 12 اضلاع میں گرج چمک، طوفان اور بارش کی وارننگ دیتے ہوئے لوگوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو جے پور، پیلانی، کوٹا، چورو، سری گنگا نگر، جھنجھنو، سنگاریا اور دوسہ سمیت مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش کے ساتھ کئی مقامات پر تیز ہوائیں بھی چلیں۔ اس کے باوجود سری گنگا نگر سمیت چار شہروں کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس سے اوپر رہا، جب کہ تین شہروں میں رات کا درجہ حرارت 30 ڈگری سیلسیس سے اوپر ریکارڈ کیا گیا۔ ریاست میں سب سے زیادہ 42 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت سری گنگا نگر میں ریکارڈ کیا گیا جب کہ سنگاریا میں کم سے کم درجہ حرارت 31.8 ڈگری سیلسیس رہا۔ جیسلمیر، باڑمیر اور بیکانیر میں بھی دن کا درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ جودھ پور اور پالی میں بھی رات کا درجہ حرارت 30 ڈگری سیلسیس سے اوپر رہا۔
موسمیاتی مرکز جے پور کے ڈائریکٹر رادھے شیام شرما نے کہا کہ بیکانیر، جے پور اور بھرت پور ڈویڑن کے کچھ حصوں میں 22 سے 24 جون تک گرج چمک اور بارش کی سرگرمیاں جاری رہنے کا امکان ہے۔ تاہم آنے والے دنوں میں جنوبی راجستھان کے کچھ علاقوں میں بارش کی سرگرمیاں کم ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش ریکارڈ کی گئی۔ ہفتہ کو ریاست میں سب سے زیادہ 62 ملی میٹر بارش باران ضلع کے اٹرو میں ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ سیکر میں کم سے کم درجہ حرارت 21.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو ریاست میں سب سے کم تھا۔
دارالحکومت جے پور اتوار کی صبح گھنے بادلوں سے ڈھکا ہوا تھا اور تیز ہواو¿ں کے ساتھ تقریباً ایک گھنٹے تک وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی۔ دوپہر کے وقت سورج بادلوں کے پیچھے سے نکلا تو ہوا میں نمی بڑھ گئی جس کے باعث لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ بارش کے اثر سے جے پور کے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں 1.5 ڈگری اور کم سے کم درجہ حرارت 5 ڈگری سیلسیس گر گیا۔ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری اور کم سے کم درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی