


بھوپال، 21 جون (ہ س)۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے اتوار کے روز 12ویں بین الاقوامی یوگا ڈے پر جبل پور کے گیریسن گراونڈ میں منعقدہ ریاستی سطح کے پروگرام میں یوگا کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو اور گورنر منگو بھائی پٹیل نے بھی یوگا کی مختلف حالتوں (مدراوں) اور پرانایام کی مشق کی۔
مدھیہ پردیش میں بین الاقوامی یوگا ڈے پر تمام اضلاع میں اجتماعی یوگا کے پروگرام ہوئے، جن میں بڑی تعداد میں لوگ شامل ہوئے اور یوگا کے مختلف آسنوں کی مشق کی۔ جبل پور میں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کی اہم موجودگی میں 12ویں بین الاقوامی یوگا ڈے-2026 کے موقع پر جبل پور میں ’اجتماعی یوگا مشق پروگرام‘ منعقد کیا گیا۔
’’صحت مند عمر کے لیے یوگا‘‘ کے تھیم پر منعقدہ اس اجتماعی یوگا میں تقریباً 5000 شہریوں اور 31 اسکولوں کے تقریباً 3400 طلبہ و طالبات نے یوگا کے مختلف آسن کیے۔ پروگرام میں گورنر پٹیل، وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو، نائب وزیر اعلیٰ جگدیش دیوڑا، وزیر برائے پنچایتی راج و دیہی ترقی پرہلاد سنگھ پٹیل، وزیر برائے تعمیراتِ عامہ راکیش سنگھ اور وزیر برائے آیوش اندر سنگھ پرمار نے بھی یوگا کیا۔
بین الاقوامی یوگا ڈے پر اندور نے بھرماری پرانایام میں نیا ریکارڈ بنایا۔ شہر میں منعقدہ اجتماعی یوگا پروگرام کے دوران ہزاروں شرکاء نے 3 منٹ سے زیادہ وقت تک مسلسل بھرماری پرانایام کیا۔ یوگا ٹرینرز کی نگرانی میں لوگوں نے ایک ساتھ پرانایام کر کے یوگا کے تئیں بیداری اور صحت کے تئیں عزم کا پیغام دیا۔ منتظمین نے اسے اجتماعی شرکت اور یوگا کی بڑھتی ہوئی عوامی تحریک کی علامت بتایا۔
ادھر، دارالحکومت بھوپال کے ٹی ٹی نگر اسٹیڈیم میں بڑی تعداد میں لوگوں نے یوگا کی مشق کر کے صحت مند زندگی کا پیغام دیا۔ پروگرام کے پیشِ نظر انتظامیہ نے سیکورٹی، پینے کے پانی، طبی اور دیگر بنیادی سہولیات کے خصوصی انتظامات کیے تھے۔
گوالیار میں 12ویں بین الاقوامی یوگا ڈے کے موقع پر اجتماعی یوگا پروگرام منعقد کیا گیا۔ پروگرام میں انچارج وزیر تلسی سلاوٹ بطورِ مہمانِ خصوصی شامل ہوئے۔ ان کے علاوہ ڈویژنل کمشنر، کلکٹر، ایس پی سمیت انتظامی افسران اور عوامی نمائندے بھی موجود رہے۔ پروگرام میں شہر کے سینکڑوں شہریوں نے جوش و خروش سے حصہ لیا اور یوگا کے مختلف آسنوں نیز پرانایام کی مشق کی۔ شرکاء نے باقاعدہ یوگا کو اپنے روزمرہ کے معمولات کا حصہ بنا کر جسم اور دماغ کو صحت مند رکھنے کا عزم کیا۔ اس تقریب کے ذریعے یوگا کے تئیں عوامی بیداری بڑھانے اور صحت مند لائف اسٹائل اپنانے کا پیغام دیا گیا۔
12ویں بین الاقوامی یوگا ڈے کے موقع پر اتوار کو اجین کے دہرہ میدان میں اجتماعی یوگا کیا گیا۔ پروگرام میں انچارج وزیر گوتم ٹیٹوال، ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین روی سولنکی، میونسپل کارپوریشن کی چیئرپرسن کلاوتی یادو، کلکٹر، ایس پی سمیت مختلف محکموں کے افسران اور عوامی نمائندے موجود رہے۔ بڑی تعداد میں اسکول کے طلبہ و طالبات نے بھی یوگا کی مشق میں حصہ لیا۔
’صحت مند عمر کے لیے یوگا‘ تھیم پر منعقدہ پروگرام میں شرکاء نے یوگا آسن اور پرانایام کیے۔ اس دوران موجود لوگوں نے مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو کا خطاب بھی لائیو سنا۔ پروگرام کے ذریعے باقاعدہ یوگا اپنا کر صحت مند اور بیماریوں سے پاک زندگی گزارنے کا پیغام دیا گیا۔
عالمی سیاحتی مقام سانچی کے اسٹوپا احاطے میں بین الاقوامی یوگا ڈے پر ضلع سطح کا پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس میں ریاستی وزیر برائے صحت نریندر شیواجی پٹیل بھی شامل ہوئے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن