
جلپائی گوڑی، 21 جون (ہ س)۔ اتوار کی صبح ضلع کے میناگوڑی علاقے کے الاڈابری میں سڑک حادثے میں چار مسافروں کی موت ہو گئی اور 39 سے زیادہ زخمی ہو گئے۔ پولیس مہلوکین کی شناخت کی کوشش کر رہی ہے۔ تمام زخمیوں کو جلپائی گوڑی میڈیکل کالج اور اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ان میں ایک تین سالہ بچہ اور دو خواتین کی حالت بدستور تشویشناک ہے۔
اطلاعات کے مطابق آگے کا پہیہخراب ہونے کی وجہ سے ٹریلر سڑک کے کنارے کھڑا تھا۔ اسی وقت سلی گوڑی سے کوچ بہار جانے والی ایک سرکاری بس بارش کی پھسلن والی سڑک پر کنٹرول کھو بیٹھی اور تیستا پل کے قریب پیچھے سے ٹریلر سے ٹکرا گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ بس کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا اور مسافر اندر ہی پھنس گئے۔
واقعے کے فوری بعد مقامی لوگوں نے امدادی کارروائیاں شروع کیں اور پولیس اور فائر بریگیڈ کو آگاہ کیا۔ وہ جائے وقوعہ پر پہنچے اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ کچھ زخمیوں کو میناگوڑی دیہی اسپتال بھیجا گیا ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق، کل 39 زخمیوں کو جلپائی گوڑی میڈیکل کالج لایا گیا تھا، جن میں سے 18 کو آئی سی یو میں داخل کرایا گیا ہے۔ زخمیوں میں 15 مرد، 12 خواتین اور دو بچے شامل ہیں۔
حادثے کی وجہ سے قومی شاہراہ پرکچھ دیر ٹریفک میں خلل پڑا۔ حکام نے تباہ شدہ بس اور ٹریلر کو ہٹانے کے بعد بعد میں ٹریفک بحال کر دی ۔
میناگوڑی پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر سبل گھوش نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ فوری مدد کے لیے پہنچ گئے اور امدادی کام تیزی سے شروع کیا۔ زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے اسپتال لے جایا گیا۔
جائے وقوعہ پر پہنچے بی جے پی ایم ایل اے آنند دیو ادھیکاری نے اسے انتہائی افسوسناک واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حادثے کی وجوہات کی جانچ کی جا رہی ہے۔ ریاستی حکومت ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی