
نئی دہلی، 21 جون (ہ س)۔ نیٹ کے دوبارہ امتحان کے حوالے سے مرکزی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان نے اتوار کو کہا کہ طلبہ مکمل بےخوف ہو کر امتحان دیں۔
دھرمیندر پردھان نے یہ بات دہلی یونیورسٹی (ڈی یو) کی جانب سے جنوبی کیمپس میں منعقدہ 12ویں بین الاقوامی یومِ یوگا کے موقع پر کہی۔
پروگرام کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ تعلیم نے نیٹ امتحان کے بارے میں میڈیا سے کہا، آج نیٹ کا دوبارہ امتحان منعقد ہو رہا ہے۔ مجھے این ٹی اے، ریاستی حکومتوں، ضلعی انتظامیہ اور ملک کے تعلیمی نظام پر مکمل بھروسہ ہے۔ تقریباً 22 لاکھ طلبہ اس امتحان میں شریک ہو رہے ہیں۔ وہ مکمل بےخوف او بے فکر ہو کر امتحان دیں۔ میری نیک خواہشات ان کے ساتھ ہیں۔
مہمانِ خصوصی کے طور پر دھرمیندر پردھان نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا ذہنی دباؤ اور جسمانی فٹنس جیسے سنگین صحت کے مسائل سے دوچار ہے۔ ان تمام مسائل کا مؤثر حل ہمارے قدیم علمِ یوگا میں موجود ہے۔
انہوں نے وزیرِ اعظم نریندر مودی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی تہذیب کی اس قدیم ترین روایت کو گزشتہ ایک دہائی کے دوران عالمی سطح پر نمایاں مقام دلایا گیا ہے۔ وزیرِ تعلیم نے طلبہ اور عام لوگوں سے اپیل کی کہ وہ روزانہ کم از کم 10 منٹ یوگا کے لیے ضرور نکالیں۔ اگر ہم سال کے 365 دن یوگا کریں گے تو ہی صحت مند رہ کر دنیا کی خدمت کر سکیں گے۔
مرکزی وزیر نے کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ 2027 میں دہلی یونیورسٹی کی شاندار کارکردگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ چند سال پہلے تک ڈی یو 600ویں پوزیشن کے زمرے میں شامل تھی، جو اب بہتر ہو کر 322ویں مقام پر پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی کو آئندہ برسوں میں دنیا کی ٹاپ 100 یونیورسٹیوں میں جگہ بنانے کا ہدف دیا اور کہا کہ وکست بھارت کی تعمیر میں ڈی یو کا کردار نہایت اہم ہوگا۔
دہلی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر یوگیش سنگھ نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ انسانیت کو بھارت کی سب سے عظیم دین یوگا اور آیوروید ہیں۔ یوگا جسم، ذہن، عقل اور روح کے درمیان توازن قائم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عام طور پر انسان کا ذہن چنچل اور جسم آرام پسند ہوتا ہے، لیکن یوگا ذہن کو مستحکم اور جسم کو متحرک بنا کر انسان کو خود پر قابو پانا سکھاتا ہے۔
تعلیم یافتہ اور پڑھے لکھے افراد میں ہمدردی کی کمی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ یوگا ہمیں مسابقت کے ماحول میں بھی ہمدردی اور تعاون کا جذبہ سکھاتا ہے۔
اس موقع پر اعلیٰ تعلیم کے سکریٹری ڈاکٹر ونیت جوشی، اسکولی تعلیم کے سکریٹری سنجے کمار، ڈی یو کے ڈین آف کالجز پروفیسر بلرام پانی، جنوبی کیمپس کی ڈائریکٹر پروفیسر رجنِی ابّی، سی او ایل کی ڈائریکٹر پروفیسر پائل ماگو سمیت اساتذہ، غیر تدریسی عملہ اور طلبہ بھی موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد