
روٹرڈیم، 19 جون ( ہ س)۔ ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم نے جمعہ کو ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ 2025-26 کے روٹرڈیم لیگ(مرحلے) میں موجودہ عالمی چیمپئن جرمنی کے خلاف بہادری سے مقابلہ کیا لیکن یہ میچ ان کے ہاتھ سے نکل گیا اور ہندوستان کو1-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
جوگراج سنگھ نے گول کر کے ہندوستان کے لیے اپنے 100ویں بین الاقوامی میچ کو یادگار بنا دیا لیکن جرمنی نے آخری چار منٹ میں دو گول کر کے میچ جیت لیا۔ہندوستانی ٹیم نے میچ کے شروع میں جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے گیند پر کنٹرول برقرار رکھا اور جرمنی کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔ مضبوط دفاع نے عالمی چیمپئن کو پہلے ہاف میں واضح مواقع پیدا کرنے سے روک دیا۔
ہندوستان نے دوسرے کوارٹر میں شدید دباؤ ڈالا، جرمنی کو بار بار غلطیوں پر مجبور کیا۔ ابھیشیک نے ہندوستان کے لیے اچھا موقع پیدا کیا، لیکن ٹیم اسے گول میں نہیں بدل سکی۔
ہندوستان نے تیسرے کوارٹر میں اپنا پہلا پنالٹی کارنر حاصل کیا اور جوگراج سنگھ نے 38ویں منٹ میں ایک طاقتور ڈریگ فلک کرکے ہندوستان کو 1-0 کی برتری دلادی۔ یہ ان کے 100ویں بین الاقوامی میچ میں ایک خاص لمحہ بن گیا۔
جرمنی نے تیسرے کوارٹر کے اختتام پر حملوں کا سلسلہ شروع کیا لیکن ہندوستانی گول کیپر موہت ایچ ایس نے برتری برقرار رکھنے کے لیے کچھ شاندار بچاؤ کیا۔
بھارت کے پاس آخری کوارٹر میں فرق کو بڑھانے کے مواقع آئے ، لیکن ٹیم انہیں گول میں تبدیل کرنے میں ناکام رہی۔ جرمنی نے اس کا فائدہ اٹھایا اور 56ویں منٹ میں جسٹس ویگینڈ کے پنالٹی کارنر پر گول کر کے برابر کر دیا۔
اس کے بعد جرمنی نے میچ کے آخری سیکنڈز میں ایک اور پنالٹی کارنر حاصل کیا جسے جیکب بریلا نے تبدیل کر کے اپنی ٹیم کو 2-1 سے فتح دلائی۔
ہار کے باوجود ہندوستانی ٹیم نے پورے میچ میں عالمی چمپئن جرمنی کے خلاف مضبوط چیلنج رکھا اور اپنے کھیل سے متاثر کیا۔ ہندوستان اب اپنے اگلے میچ میں 21 جون کوہندوستانی وقت کے مطابق ساڑھے پانچ بجے ہالینڈ کا مقابلہ کرے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد