
ایشیائی کھیلوں کی ٹیم سے باہر ہونے پر منیکا بترا نے اٹھائے سوالات، انتخابی عمل میں شفافیت کا مطالبہ کیا
نئی دہلی، 19 جون (ہ س)۔ ہندوستانی ٹیبل ٹینس کی اسٹار کھلاڑی منیکا بترا نے 2026 ایشیائی کھیلوں کی ہندوستانی ٹیم سے باہر کیے جانے پر انتخابی عمل کو لے کر سوالات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے وزیر کھیل منسکھ مانڈویہ اور انڈین اولمپک ایسوسی ایشن (آئی او اے) سے معاملے کی جانچ کر کے انتخابی عمل کو شفاف، جوابدہ اور منصفانہ بنانے کی اپیل کی ہے۔
ٹیبل ٹینس فیڈریشن آف انڈیا (ٹی ٹی ایف آئی) کی طرف سے اعلان کردہ ٹیم میں مردوں کے زمرے کی قیادت جی ساتھین اور خواتین کے زمرے کی قیادت سریجا اکولا کریں گی۔ خواتین کی ٹیم میں سریجا اکولا، یشسونی گھورپڑے، دیا چتلے، ستیرتھا مکھرجی اور سنڈریلا داس کو شامل کیا گیا ہے۔ منیکا بترا کو ریزرو کھلاڑیوں کی فہرست میں رکھا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں منیکا نے کہا کہ ٹیم میں شامل نہ کیا جانا ان کے لیے مایوس کن ہے، لیکن اس سے بھی زیادہ تشویش کا موضوع یہ ہے کہ انتخابی معیار کو کس طرح نافذ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اب تک یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ انتخاب سے باہر رکھنے کی مخصوص وجہ کیا تھی۔
منیکا نے کہا کہ عوامی طور پر دستیاب معلومات کے مطابق، انتخابی عمل میں عالمی درجہ بندی، قومی درجہ بندی اور سلیکشن کمیٹی کے صوابدیدی اختیار کو بنیاد مانا جاتا ہے۔ اگر ایسا ہے تو کھلاڑیوں کو یہ واضح طور پر بتایا جانا چاہیے کہ ان تمام عوامل کو کس طرح اور کتنی اہمیت کے ساتھ نافذ کیا گیا۔ 31 سالہ منیکا نے یہ بھی کہا کہ ان کی موجودہ عالمی درجہ بندی 51 ہے اور وہ ٹاپ-50 کے بے حد قریب ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ رینکنگ میں معمولی اتار چڑھاو عام بات ہے اور صرف اسی بنیاد پر انہیں باہر رکھنا سمجھنا مشکل ہے۔
منیکا نے اپنی بین الاقوامی کارکردگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس سیزن میں انہوں نے مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور چین سمیت کئی مضبوط ایشیائی کھلاڑیوں کے خلاف اہم جیت درج کی ہیں۔ ان کے مطابق، ان کی موجودہ کارکردگی اعلیٰ بین الاقوامی سطح پر مسابقتی بنی ہوئی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ گھریلو مقابلوں میں شرکت کو انتخاب کی بنیاد بنایا گیا ہے، لیکن بین الاقوامی سطح پر مسلسل مقابلے کھیلنے والے کھلاڑیوں کے لیے ہر گھریلو ٹورنامنٹ میں حصہ لینا ہمیشہ ممکن نہیں ہوتا۔
منیکا نے انتخابی عمل میں صوابدیدی اختیار کے استعمال پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر انتخاب میں کسی سطح پر خصوصی اختیار کا استعمال کیا جاتا ہے، تو اس کا طریقہ واضح، یکساں اور دستاویزی ہونا چاہیے۔ انہوں نے فیڈریشن سے اپنے منتخب نہیں ہونے کی وجوہات، نافذکردہ معیار اور فیصلہ سازی کے عمل کی تفصیلی تفصیلات مانگی ہیں۔
قابلِ ذکر ہے کہ منیکا بترا ہندوستان کی کامیاب ترین ٹیبل ٹینس کھلاڑیوں میں شمار کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کامن ویلتھ گیمز میں دو طلائی (گولڈ)، ایک چاندی (سلور) اور ایک کانسے (برونز) کا تمغہ جیتا ہے، جبکہ ایشین گیمز میں بھی کانسے کا تمغہ اپنے نام کیا ہے۔ وہ ایشیائی کھیلوں کے سنگلز مقابلے کے آخری-16 کے مرحلے تک پہنچنے والی پہلی ہندوستانی کھلاڑی بھی رہی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن