
نئی دہلی، 18 جون (ہ س)۔ ہاکی انڈیا نے تجربہ کار مڈفیلڈر نیہا کو ہندوستان کے لیے 200 بین الاقوامی مقابلے مکمل کرنے پر مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے یہ کارنامہ جمعرات کو نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں منعقدہ ایف آئی ایچ ہاکی ویمن نیشن کپ میں یوراگوئے کے خلاف میچ کے دوران انجام دیا۔
ہاکی انڈیا کے صدر ڈاکٹر دلیپ ترکی نے مڈفیلڈر نیہا کی کامیابیوں کی تعریف کی اور بین الاقوامی ہاکی میں ان کے طویل کریئر کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ 200 انٹرنیشنل میچ کھیلنا کسی بھی کھلاڑی کے کریئر میں بہت بڑی کامیابی ہے۔ نیہا ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے ہمارے مڈ فیلڈ میں اہم کھلاڑی رہی ہیں۔ میدان میں مشکل حالات سے نمٹنے کی ان کی صلاحیت ان کی اندرونی طاقت اور کردار کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے اہم مقابلوں کے دوران قومی ٹیم کے لیے مسلسل غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ہم ہندوستانی ہاکی میں ان کی انمول شراکت کو سلام کرتے ہیں اور قومی جرسی میں ان کی مسلسل کامیابی کی خواہش کرتے ہیں۔
ہاکی انڈیا کے سکریٹری جنرل بھولا ناتھ سنگھ نے بھی اس تاریخی کامیابی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا، ”ایک حوصلہ مند نوجوان کھلاڑی سے لے کر ہندوستان کے لیے 200 بین الاقوامی میچ کھیلنے تک نیہا کا سفر واقعی قابل ذکر ہے۔ وہ ثابت قدمی کی ایک مثال ہے اور انہوں نے ثابت کیا ہے کہ سخت محنت کسی بھی رکاوٹ کو دور کر سکتی ہے۔ مڈ فیلڈ میں ان کی موجودگی ٹیم میں ایک انوکھی توانائی پیدا کرتی ہے۔ یہ حصولیابی کھیل کے تئیں ان کی غیر متزلزل لگن کا نتیجہ ہے۔ ان کا کریئریقینی طور پر ملک بھر کی کئی لڑکیوں کو ہاکی کھیلنے کے لئے ترغیب دے گا۔
اس کامیابی پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے نیہا نے کہا، ”میں ہندوستان کے لیے 200 بین الاقوامی میچ کھیلنے کا سنگ میل عبور کرنے پر بے حد خوش اور پرجوش ہوں۔ اپنے ملک کی نمائندگی کرنا میرے لیے ایک قابل فخر لمحہ ہے۔ میں اپنے خاندان اور پریتم سیوچ میڈم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہوں گی کہ انہوں نے میرے ہر سکھ -دکھ میں میرا ساتھ دیا۔ میں ہاکی انڈیا ، اپنی ٹیم کے ساتھیوں اور کوچنگ اسٹاف کی بھی شکر گزار ہوں ، جنہوں نے میرے پورے کریئر میں مجھ پر اعتماد ظاہر کیا اور میری رہنمائی کی۔
ہریانہ کے سونی پت میں پیدا ہونے والی نیہا نے سابق بھارتی کپتان پریتم رانی سیواچ کی رہنمائی میں ہاکی کھیلنا شروع کی۔ ا نہوں نے اسکاٹ لینڈ کے گلاسگو میں 2014 ایف آئی ایچ چیمپئنز چیلنج میں اپنے بین الاقوامی کریئر آغاز کیا۔ اپنے ڈیبیو کے بعد سے، انہوں نے خود کو ہندوستانی خواتین کی ہاکی ٹیم کے لیے ایک اہم مڈفیلڈر کے طور پر قائم کیا ہے۔
نیہا قومی ٹیم کے اہم ترین مراحل کا مرکزی ستون رہی ہیں۔ وہ ٹوکیو 2020 اولمپکس میں ہندوستانی ٹیم کے تاریخی چوتھے مقام پر فائز ہونے والی اہم رکن تھیں۔ ان کے شاندار کیریئر میں جکارتہ میں 2018 کے ایشیائی کھیلوں میں چاندی کا تمغہ جیتنا شامل ہے۔ انہوں نے 2022 کے برمنگھم کامن ویلتھ گیمز میں ہندوستان کے کانسی کے تمغے میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔
اس کے علاوہ ، نیہا نے 2022 ایف آئی ایچ ویمنز نیشن کپ میں ہندوستان کی جیت میںاہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے 2023 ایشین گیمز میں کانسے کا تمغہ جیتا تھا۔ حال ہی میں، انہوں نے 2025 ایشیا کپ میں قومی ٹیم کو چاندی کا تمغہ جیتنے میں مدد کی۔ وہ رانچی اور راجگیر میں منعقدہ خواتین کی ایشین چیمپئنز ٹرافی میں سونے کا تمغہ جیتنے والی ٹیم کا بھی حصہ تھیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد