
روٹرڈیم (نیدرلینڈز)، 18 جون (ہ س)۔ ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم نے ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ 2025تا2026 کے روٹرڈیم لیگ کے اپنے دوسرے میچ میں موجودہ عالمی چمپئن جرمنی کو 1-3 سے شکست دے کرشاندار جیت درج کی۔
ہندوستانی ٹیم کی جانب سے مندیپ سنگھ (7ویں منٹ)، شلانند لاکڑا (13ویں منٹ) اور نیلکانت شرما (35ویں منٹ) نے گول کیے، جب کہ جرمنی کی جانب سے واحد گول رافیل ہارٹکوف (45ویں منٹ) نے کیا۔
یہ میچ تجربہ کار مڈفیلڈر منپریت سنگھ کے لیے یادگار رہا۔ وہ سابق عظیم ہاکی کھلاڑی دلیپ ٹرکی کا ریکارڈ توڑتے ہوئے ہندوستان کے لیے سب سے زیادہ میچ کھیلنے والے ہاکی کھلاڑی بن گئے۔ منپریت نے اپنا 413 واں بین الاقوامی میچ کھیلا، جب کہ ٹرکی نے 412 بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں۔
ہندوستان نے میچ کی اچھی شروعات کی اور گیند پر کنٹرول برقرار رکھا جس سے شروع سے ہی دباو¿ پیدا ہوا۔ اس کا نتیجہ 7 ویں منٹ میں آیاجب مندیپ نے گول کرکے ہندوستان کو 0-1 کی برتری دلادی۔ پہلے کوارٹر کے اختتام سے ٹھیک پہلے، 13ویں منٹ میں، لاکڑا نے جرمن گول کیپر الیگزینڈر اسٹیڈلر کے پاس سے شاندار شاٹ لگا کر اسکورکو 0-2 کر دیا۔
جرمنی نے دوسرے کوارٹر میں واپسی کی کوشش کی لیکن ہندوستانی دفاع نے مضبوطی سے کام لیا۔ جرمنی نے میچ کا پہلا پنالٹی کارنر 24ویں منٹ میں حاصل کیا لیکن امیت روہیداس نے اسے بچا لیا۔ مسلسل حملے کے بعد، جرمنی نے 27 ویں منٹ میں ایک اور پنالٹی کارنر حاصل کیا، لیکن گول کیپر موہت نے ایک آسان گول بچا کر ہاف ٹائم میں ہندوستان کی 0-2 کی برتری کو برقرار رکھا۔
ہندوستانی ٹیم دوسرے ہاف میں گول کرنے کی کوشش کرتی رہی۔ ان کی کوششیں 35ویں منٹ میں رنگ لائیں جب نیل کانت نے شاندار گول کرکے ہندوستان کی برتری کو 0-3 تک پہنچادیا۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں نے جوابی حملوں کا تبادلہ کیا اور گول کرنے کے مساوی مواقع پیدا کیے۔ آخر کار تیسرے کوارٹر میں جرمنی کو اس وقت کامیابی ملی جب 45ویں منٹ میں رافیل ہارٹکوف نے گول کر کے اسکور 1-3 کر دیا۔
ہندوستانی دفاع نے آخری کوارٹر میں مضبوطی برقرار رکھی اور جرمنی کو گول کرنے سے روکے رکھااوربالآخر 1-3 سے شاندار فتح حاصل کی۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی