
کولکاتا، 13 جون (ہ س)۔ مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس کی راجیہ سبھا رکن ساگاریکا گھوش نے ہفتہ کی صبح پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری اور ڈائمنڈ ہاربرسے لوک سبھا رکن ابھیشیک بنرجی کی کالی گھاٹ رہائش گاہ پر پولیس کارروائی پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے اسے سیاسی انتقام، ڈرانے دھمکانے اور ذہنی ایذا رسانی کا عمل قرار دیا۔
ساگاریکا گھوش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ پولیس اور مرکزی نیم فوجی دستے کے اہلکار ہفتے کی صبح تقریباً 3 بجے ابھیشیک بنرجی کی رہائش گاہ پر پہنچے۔ ان کے مطابق، ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیموں کو صبح 5 بجے کے قریب تالے توڑنے کے لیے بلایا گیا اور تلاشی کارروائی صبح ساڑھے 6 بجے کے قریب شروع ہوئی، جو تقریباً 90 منٹ تک جاری رہی۔
انہوں نے الزام لگایا کہ کافی تلاشی کے باوجود تحقیقاتی ایجنسیوں کو کچھ ہاتھ نہیں لگا۔ ساگاریکا نے کہا کہ سرچ رپورٹ میں بھی کوئی ثبوت یا بے ضابطگی ظاہر نہیں کی گئی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اس کارروائی کا مقصد صرف اور صرف اپوزیشن لیڈروں کو نشانہ بنانا اور دباو ڈالنا ہے۔
ترنمول ایم پی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈر جو اس کے دباو کے سامنے جھکنے سے انکار کرتے ہیں انہیں منظم طریقے سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس کارروائی پر تنقید کرتے ہوئے اسے جمہوری نظام کے لیے خطرہ قرار دیا۔
اطلاعات کے مطابق ابھیشیک بنرجی کی رہائش گاہ پر تلاشی مہم مغربی میدنی پور ضلع کے سالبونی پولیس اسٹیشن میں درج ایک کیس کے سلسلے میں چلائی گئی۔ پولیس ابھیشیک کے ایگزیکٹیو اسسٹنٹ سمیت رائے کی تلاش کر رہی تھی جو مبینہ طور پر مفرور ہے۔ آپریشن میں مغربی مدنی پور ڈسٹرکٹ پولیس، کولکاتا پولیس اور سنٹرل آرمڈ پولیس فورس کے اہلکار شامل تھے۔
اس دوران اسمبلی سے متعلق مبینہ فرضی دستخط کے معاملے کی تحقیقات تیز ہو گئی ہیں۔ ریاست کے کرمنل انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ (سی آئی ڈی) نے ابھیشیک بنرجی کو اتوار کو پوچھ گچھ کے لیے بھوانی بھون میں واقع اپنے ہیڈکوارٹر میں طلب کیا ہے۔ ترنمول ایم ایل اے کنال گھوش کو بھی اس کیس کے سلسلے میں طلب کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تفتیشی افسران دونوں رہنماوں سے آمنے سامنے پوچھ گچھ کر سکتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ سی آئی ڈی اسمبلی میں اپوزیشن کے اہم عہدوں پر تقرری سے متعلق قراردادوں پر ترنمول کے کچھ ایم ایل ایز کے دستخطوں میں تضاد کے الزامات کی تحقیقات کر رہی ہے۔ ابھیشیک بنرجی اور کنال گھوش کو اس معاملے میں تفتیش کے لیے طلب کیا گیا ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی