ترنمول رکن اسمبلی مدن مترا کے گھر ای ڈی کی چھاپہ ماری، بلدیاتی بھرتی بے ضابطگی کیس میں کئی مقامات پر کارروائی
ترنمول رکن اسمبلی مدن مترا کے گھر ای ڈی کی چھاپہ ماری، بلدیاتی بھرتی بے ضابطگی کیس میں کئی مقامات پر کارروائی کولکاتا، 13 جون (ہ س)۔ مغربی بنگال میں بلدیاتی اداروں کی بھرتی میں مبینہ بے ضابطگیوں کی جانچ کے سلسلے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) ن
کامرہاٹی سے ترنمول کانگریس کے رکن اسمبلی مدن مترا


ترنمول رکن اسمبلی مدن مترا کے گھر ای ڈی کی چھاپہ ماری، بلدیاتی بھرتی بے ضابطگی کیس میں کئی مقامات پر کارروائی

کولکاتا، 13 جون (ہ س)۔ مغربی بنگال میں بلدیاتی اداروں کی بھرتی میں مبینہ بے ضابطگیوں کی جانچ کے سلسلے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے ہفتے کی صبح سے وسیع تلاشی مہم شروع کی۔ مرکزی ایجنسی کی ٹیموں نے کولکاتا اور اس کے آس پاس کے چھ سے سات مقامات پر ایک ساتھ چھاپہ ماری کی۔ اسی سلسلے میں کامرہاٹی سے ترنمول کانگریس کے رکن اسمبلی مدن مترا کی رہائش گاہوں پر بھی تلاشی لی گئی۔

ذرائع کے مطابق، ای ڈی کی ایک ٹیم بھوانی پور اور کالی گھاٹ میں واقع مدن مترا کی رہائش گاہوں پر پہنچی۔ ہفتے کی صبح سے دونوں مقامات پر تلاشی مہم جاری رہی۔ تاہم، چھاپہ ماری کے وقت مدن مترا کس رہائش گاہ پر موجود تھے، اس کی واضح معلومات فوری طور پر نہیں مل سکی ہیں۔ معلومات کے مطابق، مرکزی ایجنسی بلدیاتی اداروں میں بھرتی سے منسلک مبینہ بدعنوانی اور بے ضابطگیوں کی جانچ کر رہی ہے۔ اسی تسلسل میں کامرہاٹی بلدیہ (میونسپلٹی) میں تقرریوں سے متعلق کچھ معاملات کی پڑتال کے لیے ای ڈی حکام نے مدن مترا کی رہائش گاہ پر دستک دی۔ اس کے علاوہ ایجنسی کی ایک دوسری ٹیم بیہالا علاقے میں بھی جانچ کے لیے پہنچی۔

قابلِ ذکر ہے کہ ایک دن پہلے ہی مدن مترا نے کامرہاٹی بلدیہ کے چیئرمین گوپال ساہا کے ساتھ مبینہ بدسلوکی کا الزام لگاتے ہوئے سخت ردِعمل ظاہر کیا تھا۔ انہوں نے بلدیہ کے تمام کونسلروں کو استعفیٰ دینے کی اپیل کی تھی۔ مدن کا الزام تھا کہ بلدیہ کی خدمات کو متاثر کر کے چیئرمین پر دباو بنایا گیا، جس کی وجہ سے ان کے پاس عہدہ چھوڑنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں بچا۔

مدن مترا نے ترنمول حامیوں اور کونسلروں سے اس کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرنے کی اپیل کی تھی۔ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں ترنمول کانگریس پھر سے ہر وارڈ میں جیت حاصل کر کے بورڈ پر قبضہ کرے گی۔ ان کے اس بیان کے اگلے ہی دن ای ڈی کی کارروائی نے سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

حال ہی میں منعقد ہوئے اسمبلی انتخابات میں ریاست میں ترنمول کانگریس کو جھٹکا لگا ہے، تاہم کامرہاٹی سیٹ پر مدن مترا اپنی جیت برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔ اس کے باوجود علاقائی سیاست میں پارٹی کے اندرونی اختلافات اور بلدیاتی اداروں سے متعلق تنازعات لگاتار سامنے آ رہے ہیں۔ کئی کونسلروں کی گرفتاری اور ان پر وصولی جیسے الزامات کے درمیان اب بلدیاتی بھرتی کیس میں مدن مترا بھی جانچ ایجنسیوں کے دائرے میں آ گئے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) بھی مدن مترا کی رہائش گاہ پر چھاپہ ماری کر چکی ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande