


نئی تعلیمی پالیسی سے کھیل اور تعلیم کو نئی سمت مل رہی ہے: دھرمیندر پردھان
مرکزی وزیر تعلیم نے بھوپال میں شوٹنگ اکیڈمی کا دورہ کر کے کھلاڑیوں سے گفتگو کی، کہا، اولمپک اور ترقی یافتہ ہندوستان 2047 کا ہدف
بھوپال، 13 جون (ہ س)۔
مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے کہا ہے کہ قومی تعلیمی پالیسی (این ای پی) کے ذریعے کھیل اور جسمانی تعلیم کو تعلیمی نظام کا اٹوٹ حصہ بنایا گیا ہے۔ اب طلبہ کو کھیل اور پڑھائی میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی، بلکہ دونوں شعبوں میں یکساں طور پر آگے بڑھنے کے مواقع ملیں گے۔
مرکزی وزیر پردھان ہفتے کے روز مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں اسپورٹس اکیڈمیوں کے دورے کے دوران کھلاڑیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے وزیر اعظم کے عہدے پر 12 برس مکمل ہونے کے موقع پر منعقدہ پروگرام میں شرکت کے لیے بھوپال پہنچے تھے۔ اس دوران انہوں نے ریاست کے کھیل اور نوجوان بہبود وزیر وشواس کیلاش سارنگ کے ساتھ شوٹنگ اکیڈمی کا دورہ کیا اور کھلاڑیوں سے گفتگو کر کے ان کے تجربات جاننے کی کوشش کی۔
مرکزی وزیر پردھان نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک میں پہلی بار مہارت کی ترقی (اسکل ڈیولپمنٹ) کو بڑے پیمانے پر فروغ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو صرف ڈگری پر مبنی تعلیم تک محدود نہیں رکھ کر انہیں مہارت، کھیل اور جدت طرازی سے جوڑنے کا کام کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کھلاڑیوں اور طلبہ کے لیے خصوصی کورس ورک تیار کیا جا رہا ہے، تاکہ کھیل کی سرگرمیوں اور تعلیمی کامیابیوں کے درمیان بہتر تال میل قائم کیا جا سکے۔
مرکزی وزیر تعلیم نے کہا کہ اپار آئی ڈی کے ذریعے طلبہ اور کھلاڑیوں کی تعلیمی و کھیل سے متعلق کامیابیوں کو ایک پلیٹ فارم پر جوڑا جائے گا۔ اس سے ان کی صلاحیتوں اور کامیابیوں کا ایک جامع ریکارڈ تیار ہوگا، جو مستقبل میں تعلیم اور کریئر دونوں شعبوں میں فائدہ مند ثابت ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ انٹر اسپورٹس سرگرمیوں کو کریڈٹ اسکور سے جوڑنے کی سمت میں کام کیا جا رہا ہے، تاکہ کھیلوں میں سرگرم شمولیت کو بھی تعلیمی جانچ کاری کا حصہ بنایا جا سکے۔
مرکزی وزیر پردھان نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں پہلی بار آئی آئی ٹی جیسے باوقار اداروں میں بھی اسپورٹس کوٹے کا انتظام کیا گیا ہے۔ یہ قدم کھیل کی صلاحیتوں کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے اور کھیل کی ثقافت کو مضبوط بنانے کی سمت میں اہم ثابت ہوگا۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ آنے والے 20 برسوں میں ہندوستان کو خود انحصاری کی سمت میں تیزی سے آگے بڑھنا ہے۔ انہوں نے 2036 اولمپک کو ملک کا اہم ہدف بتاتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے شعبے میں ہندوستان کو عالمی قیادت کا کردار نبھانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے دیے گئے ”ترقی یافتہ ہندوستان 2047“ کے عزم کو شرمندۂ تعبیر کرنے کے لیے نوجوانوں کا کردار سب سے اہم ہے۔ جب ملک آزادی کے 100 برس پورے کرے گا، تب ہندوستان کو ترقی یافتہ ملک، خود کفیل ملک اور دنیا کی صفِ اول کی سپر پاور کے طور پر قائم کرنا ہمارا اجتماعی ہدف ہوگا۔
مرکزی وزیر تعلیم پردھان کو وزیر کھیل سارنگ نے مدھیہ پردیش کی کھیلوں کی کامیابیوں اور ریاستی شوٹنگ اکیڈمی کی خصوصیات سے واقف کرایا۔ انہوں نے بتایا کہ بھوپال میں واقع شوٹنگ اکیڈمی ملک کی ہی نہیں بلکہ عالمی سطح کی اسپورٹس اکیڈمیوں میں شامل ہے۔ یہاں بین الاقوامی معیارات کے مطابق کھلاڑیوں کو تربیت فراہم کی جاتی ہے۔ وزیر سارنگ نے بتایا کہ حال ہی میں اولمپک کے انتخابی عمل (ٹرائلز) کا انعقاد بھی اسی شوٹنگ اکیڈمی میں کیا گیا تھا، جو اس کے بہترین بنیادی ڈھانچے اور انتظامات کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش حکومت کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے لگاتار کام کر رہی ہے، جس کے مثبت نتائج قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں دیکھنے کو مل رہے ہیں۔وزیر سارنگ نے اکیڈمی کے کھلاڑیوں کی جانب سے قومی اور بین الاقوامی سطح پر حاصل کیے گئے تمغوں اور کامیابیوں کی تفصیلی معلومات بھی مرکزی وزیر کو دییں۔ انہوں نے بتایا کہ مدھیہ پردیش کے کھلاڑی لگاتار ملک اور ریاست کا نام روشن کر رہے ہیں اور مختلف مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ ریاستی حکومت کھلاڑیوں کی تربیت، غذائیت، کھیل کے آلات اور مقابلوں میں شمولیت کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن