
نئی دہلی، 4 مئی (ہ س)۔ مغربی بنگال، آسام اور پڈوچیری سمیت پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) گنتی کے ابتدائی مرحلے سے ہی مغربی بنگال اور آسام میں فیصلہ کن برتری برقرار رکھے ہوئے ہے۔ بی جے پی ہیڈکوارٹر میں جشن کا ماحول ہے۔ گزشتہ ہر انتخابات کی طرح، اس بار بھی وزیر اعظم نریندر مودی شام کو پارٹی ہیڈکوارٹر جائیںگے اور پارٹی کارکنوں اور حامیوں سے خطاب کریں گے۔ پارٹی ہیڈ کوارٹر میں ان کے استقبال کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔
مغربی بنگال کے انتخابی نتائج کے رجحان کو دیکھتے ہوئے بی جے پی کارکنان صبح سے ہی پارٹی ہیڈکوارٹر میں ڈھول-نگاڑے کے ساتھجشن منا رہے ہیں۔ آتش بازی بھی کی جا رہی ہے۔ صدر دفتر میں وزیراعظم کے استقبال کی تیاریاں جاری ہیں۔ پارٹی کے ایک عہدیدار کے مطابق، وزیر اعظم مودی اس تاریخی جیت کے موقع پر کارکنوں اور حامیوں سے خطاب کرنے کے لیے شام 6:30 بجے ہیڈ کوارٹر پہنچیں گے۔
پارٹی کے صدر دفتر میں جھالموڑی، رس گلہ اور میٹھا دہی (مشٹی دوئی) بھی ہیڈ کوارٹر میں تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ اسی دوران ممتا بنرجی کے لباس میں ملبوس ایک کارکن کو ہیڈکوارٹر کے احاطے میں گھومتے ہوئے دیکھا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ مغربی بنگال میں 2011 سے اب تک مسلسل ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کی حکومت رہی اور ممتا بنرجی وزیر اعلیٰ رہیں ۔ بی جے پی اب وہاں پہلی بار حکومت بنانے کے لیے تیار نظر آرہی ہے۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد