
بارامتی ، 4 مئی (ہ س) بارامتی اسمبلی ضمنی انتخاب میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (اجیت پوار گروپ) کی امیدوار اور مہاراشٹر کی نائب وزیر اعلیٰ سنیترا اجیت پوار نے 2 لاکھ 18 ہزار 930 ووٹوں کی بھاری برتری کے ساتھ شاندار اور تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔ اس جیت کے ساتھ انہوں نے ملک بھر میں سب سے زیادہ ووٹوں کے فرق سے کامیابی کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
اس ضمنی انتخاب میں سنیترا اجیت پوار نے نہ صرف واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کی بلکہ 2019 میں اجیت پوار کے قائم کردہ سابقہ ریکارڈ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ ووٹوں کی گنتی کے 24ویں مرحلے کے بعد دستیاب اعداد و شمار کے مطابق ان کی برتری 2 لاکھ 18 ہزار 930 ووٹ رہی، جو قومی سطح پر سب سے بڑی جیت قرار دی جا رہی ہے۔
انتخابی مہم کے دوران نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے کارکنوں کے ساتھ جے پوار اور پرتھ پوار نے بھی عوام سے اپیل کی تھی کہ سنیترا اجیت پوار کو ریکارڈ اکثریت سے کامیاب بنایا جائے۔ انہیں مختلف سیاسی جماعتوں اور سماجی تنظیموں کی بھی حمایت حاصل رہی۔
دوسری جانب ان کے مقابلے میں میدان میں اترنے والے تمام امیدوار خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور کوئی بھی امیدوار ایک ہزار ووٹوں کا ہندسہ عبور نہیں کر سکا۔ کرنہ منڈے کو صرف 125 ووٹ ملے جبکہ ابھیجیت بچوکلے کو محض 121 ووٹ حاصل ہوئے۔
اپنی ریکارڈ کامیابی کے بعد سنیترا اجیت پوار نے عوامی حمایت پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ عوامی سطح پر جشن منانے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیابی کو کام کے ذریعے منایا جانا چاہیے، نہ کہ شور و غل کے ساتھ۔
انہوں نے اس زبردست حمایت پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس جیت کو اجیت پوار کی یاد میں ایک سچی خراجِ عقیدت قرار دیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ بارامتی کے عوام نے جس اعتماد، محبت اور حمایت کا اظہار کیا ہے وہ ان کے لیے نہایت قیمتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اجیت پوار کے بعد ان کا پہلا انتخاب ہے اور ان کی رہنمائی اور موجودگی کی کمی آج سب سے زیادہ محسوس ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی صرف ایک سیاسی جیت نہیں بلکہ اجیت پوار کی خدمات، عوام سے ان کے مضبوط تعلق اور ترقی کے وژن کو خراجِ تحسین ہے، جو آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہے۔
سنیترا اجیت پوار نے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے تمام رہنماؤں اور کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ان کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے عہد کیا کہ بارامتی کے عوام نے ان پر جو اعتماد ظاہر کیا ہے، وہ اسے کبھی ٹوٹنے نہیں دیں گی۔
قابل ذکر ہے کہ اجیت پوار کے انتقال کے بعد سنیترااجیت پوار کو مہاراشٹر کا نائب وزیر اعلیٰ مقرر کیا گیا تھا۔ اس کے بعد خالی ہونے والی بارامتی نشست پر انہوں نے انتخاب لڑا، جس میں مجموعی طور پر 23 امیدوار میدان میں تھے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے