
ڈوڈہ قصبہ میں معراج ملک کی آمد پر پابندیاں عائد
جموں، 03 مئی (ہ س)۔ ضلع ڈوڈہ میں معراج ملک کی آمد کے پیش نظر انتظامیہ نے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سخت اقدامات اٹھاتے ہوئے دفعہ 163 بی این ایس کے تحت پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ حکام کے مطابق قصبہ ڈوڈہ میں ڈاک بنگلہ سے ڈی سی دفتر تک اور اکرم آباد کے علاقوں میں کسی بھی قسم کے ہجوم کے جمع ہونے پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات ممکنہ بھیڑ کو قابو میں رکھنے اور صورتحال کو پرامن بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔واضح رہے کہ معراج ملک کو گزشتہ برس ستمبر میں پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت حراست میں لیا گیا تھا۔ تاہم 28 اپریل کو جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ نے ان پر عائد پی ایس اے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے رہائی کا حکم دیا تھا۔ جیل سے رہائی کے بعد معراج ملک کا یہ پہلا دورہ ڈوڈہ ہے، جس کے پیش نظر علاقے میں لوگوں کی بڑی تعداد کی آمد متوقع ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر