
منی پور میں پریپاک (پرو) کی خاتون کیڈر گرفتار، ہتھیار اور ہیروئن برآمد
امپھال، 03 مئی (ہ س)۔ تشدد سے متاثرہ منی پور میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس اور سیکورٹی فورسز کی مہم مسلسل جاری ہے۔ اس تسلسل میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چلائی گئی مختلف مہمات میں ایک خاتون شدت پسند، ایک خاتون منشیات اسمگلر اور ہتھیار و دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا ہے۔ وہیں حساس علاقوں میں گاڑیوں کی بلا تعطل نقل و حمل کو یقینی بنانے کے لیے سیکورٹی کے پختہ انتظامات کیے گئے ہیں۔
منی پور پولیس ہیڈ کوارٹر کی جانب سے اتوار کو جاری کردہ سرکاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتہ کو سیکورٹی فورسز نے کاکچنگ ضلع کے وائیکھونگ پولیس اسٹیشن کے تحت، ہندوستان-میانمار سوگنو روڈ پر تھونگجاو میائی لیکائی علاقے سے ممنوعہ تنظیم پریپاک (پرو) کی ایک سرگرم خاتون کیڈر کو گرفتار کیا۔ گرفتار خاتون کی شناخت امپھال مغربی ضلع کے پشم اوینم لیکائی کی رہائشی لونگ جام جینیوی عرف تھوئی تھوئی بی دیوی (34) کے طور پر ہوئی ہے۔
وہیں، ایک اور مہم میں اسی دن منی پور پولیس نے امپھال مشرقی ضلع کے اینڈرو پولیس اسٹیشن کے تحت ایک موبائل چیک پوسٹ سے کواتھا کی رہنے والی ایک خاتون، تکھلیمبم سونیا چانو (46) کو 5.56 کلوگرام افیون اور ایک موبائل فون کے ساتھ گرفتار کیا۔ پولیس اور سیکورٹی فورسز نے ایک اور مہم میں گزشتہ 02 مئی کو امپھال مشرقی ضلع کے تھوبل ڈیم پولیس اسٹیشن کے تحت، ہینجانگ گاوں کے علاقے سے تقریباً 9 کلوگرام وزنی ایک آئی ای ڈی، ایک 12 بور کی رائفل اور پانچ 7.62 ایم ایم کے زندہ کارتوس برآمد کیے۔
اسی دوران سیکورٹی فورسز مختلف اضلاع کے سرحدی اور حساس علاقوں میں تلاشی مہم اور علاقے پر اپنا تسلط برقرار رکھنے کے لیے مسلسل کارروائی کر رہی ہیں، جس کے نتیجے میں ہتھیار اور گولہ بارود برآمد ہوئے ہیں۔ ہفتہ کو منی پور کے مختلف اضلاع میں، پہاڑی اور وادی دونوں علاقوں میں، کل 112 ناکے/چیک پوائنٹس قائم کیے گئے تھے۔
قومی شاہراہ-37 پر ضروری سامان لے جانے والی 134 گاڑیوں کی نقل و حمل یقینی بنائی گئی ہے۔ تمام حساس مقامات پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور گاڑیوں کی بلا تعطل و محفوظ نقل و حمل یقینی بنانے کے لیے حساس راستوں پر حفاظتی قافلہ فراہم کیا گیا ہے۔
گرفتار ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن