
اندرا پرستھا گیس لمیٹڈ (آئی جی ایل ) کی طرف سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق، اس اضافے کے بعد، دہلی سے ملحق نوئیڈا، گریٹر نوئیڈا اور غازی آباد میں سی این جی کی قیمت 91.70 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی ہے، جب کہ گروگرام میں، سی این جی 88.12 روپے فی کلوگرام میں دستیاب ہے۔ اسی طرح اجمیر میں سی این جی کی قیمت 92.44 روپے فی کلوگرام تک بڑھ گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال 5 اپریل کو سی این جی کی قیمت میں تقریباً ایک روپے فی کلو گرام اضافے کے بعد رواں سال 15 مئی کو پہلی بار سی این جی کی قیمت میں دو روپے فی کلو گرام اضافہ کیا گیا تھا۔ تین دن بعد 18 مئی کو سی این جی کی قیمت میں پھر ایک روپے فی کلو اضافہ کیا گیا جب کہ 23 مئی کو سی این جی کی قیمت میں تیسری بار ایک روپے فی کلو اضافہ کیا گیا۔ آج اس کی قیمت میں دو روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ دو ہفتوں سے بھی کم عرصے میں سی این جی کی قیمت میں چھ روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے۔
خیال کیا جاتا ہے کہ سی این جی کی قیمتوں میں اضافہ سے دہلی-این سی آر خطے میں پبلک ٹرانسپورٹ کی قیمت پر اثر پڑ سکتا ہے۔ دہلی-این سی آر میں زیادہ تر تجارتی گاڑیاں، جیسے بسیں، ٹیکسیاں اور آٹورکشا، سی این جی کا استعمال کرتی ہیں۔ ایسے میں ڈرائیور اور ٹرانسپورٹرز کرایوں میں اضافہ کرکے سی این جی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا بوجھ مسافروں پر ڈال سکتے ہیں۔
سی این جی کی قیمتوں میں اس اضافے کی بنیادی وجہ مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی کو قرار دیا جا رہا ہے۔ ہندوستان اپنی پٹرولیم مصنوعات کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے بین الاقوامی مارکیٹ پر بہت زیادہ انحصار کرتا ہے۔ جب سے مغربی ایشیا میں کشیدگی شروع ہوئی ہے، آبنائے ہرمز کے راستے گیس اور پیٹرول کی سپلائی میں نمایاں طور پر خلل پڑا ہے۔ اس کشیدگی نے ایندھن کی بین الاقوامی مارکیٹ کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔ جس کی وجہ سے عالمی منڈی میں خام تیل سمیت تمام پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں زوردار تیزی آئی ہے۔
آبنائے ہرمز کے ذریعے بڑی مقدار میں پیٹرولیم مصنوعات درآمد کرنے والے ہندوستان جیسے بہت سے ممالک میں پہلے ہی ان کی سپلائی متاثر ہوئی ہے ۔ بین الاقوامی منڈی میں ان کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے ان ممالک کو اضافی معاشی بوجھ کا بھی سامنا ہے۔ مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی کے باعث دنیا کے کئی ممالک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ دیگر ممالک کی طرح بھارت بھی مہنگی درآمدات سے ہونے والے نقصانات کو پورا کرنے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات جیسے پیٹرول، ڈیزل اور قدرتی گیس کی قیمتوں میں اضافے پر مجبور ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد