
پٹنہ، 23 مئی (ہ س)۔ وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے میڈیکل داخلہ جاتی امتحان(نیٹ) میں شامل ہونے والے لاکھوں طلبا وطالبات کے لیے بہار اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (بی ایس آر ٹی سی) کی تمام سرکاری بسوں میں آمدورفت پوری طرح سے مفت کرنے کی ہدایت دی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے ہفتہ کے روزاپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ فیس بک پر لکھا کہ نیٹ امتحان میں شامل ہونے والے تمام امیدواروں کی سہولت کے لیے بہار میں تمام سرکاری بسوں میں سفر مفت ہوگا۔ ساتھ ہی ریاست میں ضلع انتظامیہ، تمام مٹھ، مندروں اور غیر سرکاری تنظیموں سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ امیدواروں اور ان کے والدین کو بس اسٹینڈ، ریلوے اسٹیشنوں اور دیگر اہم مقامات پر پینے کا پانی، ستو وغیرہ فراہم کرنے میں مدد کریں۔
اس حکم کے تحت طلباء کو امتحان کے دن بس ٹکٹ خریدنے کی ضرورت نہیں ہوگی اگر وہ اپنا ایڈمٹ کارڈ دکھاتے ہیں۔ حکومت کے اس اقدام سے طلباء کو نہ صرف وقت پر امتحان مرکز پہنچنے میں مدد ملے گی بلکہ ان کے والدین کو بھی مالی راحت ملے گی۔ حکومت کے اس اقدام کا مقصد دور دراز علاقوں کے امیدواروں کو بغیر مالی یا ذہنی دباؤ کے امتحان مراکز تک پہنچنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
بہار میں شدید گرمی کے پیش نظر حکومت نے ضلع انتظامیہ کو ہائی الرٹ پر رکھا ہے۔ تمام ضلع مجسٹریٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں امتحان مراکز میں بنیادی سہولیات کو یقینی بنائیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan