
ٹویشا شرما کیس کو لے کر پولیس کمشنر نے کہا۔ منصفانہ جانچ جاری
۔ ساس گری بالا سے بھی پوچھ گچھ ہوگی ملزم شوہر کو کورٹ میں پیش کیا گیا
بھوپال، 23 مئی (ہ س)۔ اداکارہ اور ماڈل ٹویشا شرما کی مشکوک موت کے معاملے میں پولیس کی کارروائی تیز ہو گئی ہے۔ جمعہ کی دیر رات تقریباً 2 بجے پولیس ٹویشا کے شوہر اور اہم ملزم سمرتھ سنگھ کو مدھیہ پردیش کے جبل پور سے گرفتار کر کے بھوپال لے کر پہنچی، جس کے بعد ہفتہ کے روز سخت سیکورٹی کے درمیان اسے ضلع کورٹ میں پیش کیا گیا۔ اس پورے واقعے کو لے کر ہفتہ کی دوپہر بھوپال کے پولیس کمشنر سنجے کمار نے ایک پریس کانفرنس کی اور پولیس کا موقف میڈیا کے سامنے رکھا۔
پولیس کمشنر سنجے کمار نے بتایا کہ ملزم سمرتھ سنگھ کو دیر رات ہی بھوپال لایا گیا ہے، اس لیے ابھی اس سے تفصیلی پوچھ گچھ نہیں ہو سکی ہے۔ پولیس کورٹ سے سمرتھ کی 7 دنوں کی پولیس ریمانڈ (پی آر) مانگ رہی ہے۔ ریمانڈ ملنے کے بعد ملزم سے واقعے والی رات کے واقعات، خاندانی تنازعہ، موبائل چیٹ، کال ڈیٹیلز اور فراری کے دوران کی اس کی سرگرمیوں کو لے کر باریکی سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔
کمشنر نے کہا کہ پولیس ٹیم مسلسل سمرتھ کی تلاش میں چھاپے مار رہی تھی، لیکن اس بات کا اندازہ نہیں تھا کہ وہ براہِ راست کورٹ پہنچ کر خود سپردگی کر دے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ فراری کے دوران سمرتھ کو پناہ دینے، مالی مدد کرنے یا بچانے کی کوشش کرنے والے لوگوں کو بھی نہیں بخشا جائے گا۔ پولیس اب اس زاویے پر بھی جانچ کر رہی ہے کہ وہ کن کن لوگوں کے رابطے میں تھا۔
پولیس کمشنر نے بتایا کہ معاملے کی دوسری ملزم اور ٹویشا کی ساس گری بالا سنگھ (ریٹائرڈ جج) کو پوچھ گچھ کے لیے اب تک تین بار نوٹس جاری کیے جا چکے ہیں، لیکن وہ پولیس کے سامنے حاضر نہیں ہوئی ہیں۔ اسی عدم تعاون کی وجہ سے پولیس نے ان کی پیشگی ضمانت کی درخواست کو منسوخ کرانے کے لیے کورٹ میں درخواست دے دی ہے اور جلد ہی ان سے بھی سختی سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔
ٹویشا کی لاش کے دوبارہ پوسٹ مارٹم (سیکنڈ پی ایم) کو لے کر کمشنر نے صاف کیا کہ یہ عمل بھوپال ایمس میں ہی کرایا جائے گا۔ فی الحال یہ موضوع محکمۂ عمومی انتظامیہ دیکھ رہا ہے اور پولیس مسلسل ان کے رابطے میں ہے۔ معاملے میں جو بھی آئینی اور قانونی عمل ہوگا، اس پر پوری طرح عمل کیا جائے گا۔
وہیں، متوفیہ کے اہل خانہ کی طرف سے پوسٹ مارٹم رپورٹ پر اٹھائے گئے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ اہل خانہ کا الزام ہے کہ ٹویشا کا اصل قد 5.73 انچ (5 فٹ 7.3 انچ) ہے، جبکہ پی ایم رپورٹ میں اسے 5.7 انچ درج کیا گیا ہے۔ کمشنر نے دلیل دی کہ اتنے معمولی فرق سے پولیس کی تکنیکی اور قانونی جانچ پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ انہوں نے اہل خانہ کی ناراضگی پر کہا کہ بھوپال پولیس پوری طرح منصفانہ جانچ کر رہی ہے اور کیس میں کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی ہے۔
اس سے پہلے، ہفتہ کی صبح ملزم سمرتھ سنگھ کو کٹارا ہلز تھانے سے بھاری پولیس بندوبست کے درمیان بھوپال کے جے پی اسپتال لے جایا گیا، جہاں اس کا میڈیکل ٹیسٹ کرایا گیا۔ اس کے بعد اسے ضلع عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سماعت چل رہی ہے۔ سیکورٹی کے لحاظ سے کٹارا ہلز تھانے اور کورٹ احاطے کے باہر بیریکیڈنگ کر کے بھاری پولیس فورس تعینات کی گئی تھی۔
قابلِ ذکر ہے کہ 31 سالہ ایکٹریس ماڈل ٹویشا شرما کی گزشتہ 12 مئی کو ان کے سسرال میں مشکوک حالات میں موت ہو گئی تھی۔ ٹویشا، بھوپال کے کٹارا ہلز میں واقع باغ مغالیہ ایکسٹینشن کے رہائشی ریٹائرڈ جج گری بالا سنگھ کی بہو تھیں اور ان کا شوہر سمرتھ سنگھ پیشے سے وکیل ہے۔ واقعے کے بعد سسرال والوں نے اسے پھانسی لگا کر خودکشی بتایا تھا، جبکہ ٹویشا کے مائیکے والوں نے ساس اور شوہر پر جہیز کے لیے ہراساں کرنے اور قتل کرنے کا سیدھا الزام لگایا ہے۔ اس معاملے کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے کل ہی ریاستی حکومت نے کیس کی جانچ سی بی آئی کے سپرد کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن