
چنئی، 22 مئی (ہ س)۔ تمل ناڈو کے وزیر اعلی جوزف وجے کی حکومت نے جمعہ کو کابینہ میں ایک اور توسیع کی۔ اتحاد ی جماعتوں ودوتھلائی چروتھائیگل کچی (وی سی کے) کے رہنما ونی آرسو اور انڈین یونین مسلم لیگ (آئی یو ایم ایل) کے رہنما شاہجہان نے نئے وزراء کے طور پر حلف لیا۔
تمل ناڈو کے گورنر راجندر وشواناتھ ارلیکر نے چنئی کے گنڈی واقع راج بھون میں منعقدہ حلف برداری کی تقریب میں دونوں رہنماوں کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ وزیر اعلیٰ جوزف وجے سمیت حکومت اور اتحادی جماعتوں کے کئی سینئر لیڈران تقریب میں موجود تھے۔
تامل ناڈو ویٹری کزگم (ٹی وی کے) حالیہ اسمبلی انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ اس کے بعد پارٹی نے اپنے اتحادیوں کی حمایت سے حکومت بنائی۔ حکومت کے قیام کے بعد سے کابینہ میں اتحادیوں کو نمائندگی دینے کا مطالبہ بڑھتا جا رہا ہے۔
اس سلسلے میں 10 مئی کو وزیر اعلیٰ جوزف وجے سمیت 10 وزراءنے حلف لیا تھا۔ اس کے بعد 21 مئی کو کابینہ کی توسیع کی گئی جس میں مزید 23 وزراء کو شامل کیا گیا۔ اب کابینہ میں وی سی کے اور آئی یو ایم ایل کو شامل کرکے اتحاد ی جماعتوںمیں توازن پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
تمل ناڈو کی قانون ساز اسمبلی میں کل 234 نشستیں ہیں، جس میں وزیر اعلیٰ سمیت زیادہ سے زیادہ 35 وزراء کی اجازت ہے۔ کانگریس کے دو لیڈروں کو پہلے ہی کابینہ میں شامل کیا جا چکا ہے۔ اب، وی سی کے اور آئی یو ایم ایل کی نمائندگی حاصل کرنے کے ساتھ، اتحادی شراکت داروں کی شرکت مزید مضبوط ہو گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ بدھ کو 23 وزراء کے قلمدانوں کے اعلان کے دوران درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کی بہبود کے محکمے اور پسماندہ طبقات اور اقلیتی بہبود کے محکمے کسی بھی وزیر کو نہیں دیے گئے۔ نتیجتاً سیاسی حلقوں میں یہ چرچا ہے کہ یہ اہم قلمدان ونی آرسو اور شاہجہان کو سونپے جا سکتے ہیں۔
دونوں قائدین کی حلف برداری کے بعد توقع ہے کہ ان کے محکموں کے حوالے سے جلد ہی باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی