
نئی دہلی، 22 مئی (ہ س)۔
وزیر اعظم نریندر مودی 19 ویں سالانہ روزگار میلے کے ایک حصے کے طور پر ہفتہ کو مختلف سرکاری محکموں اور تنظیموں میں 51,000 سے زیادہ نئے تقرر ہونے والے نوجوانوں کو تقرری نامہ تقسیم کریں گے۔ وزیراعظم صبح 11 بجے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے پروگرام میں شامل ہوں گے اور اس موقع پر نوجوانوں سے خطاب بھی کریں گے۔
وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق، روزگارمیلہ روزگار پیدا کرنے کو ترجیح دینے کے وزیر اعظم کے عزم کے مطابق ایک اہم اقدام ہے۔ اس کا مقصد سرکاری ملازمتوں کے لیے تقرری کے عمل کو تیز کرنا اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اب تک ملک بھر میں منعقد کیے گئے 18 روزگار میلوں کے ذریعے تقریباً 12 لاکھ تقرری نامہجاری کیے جا چکے ہیں۔
19واں سالانہ روزگارمیلہ ملک بھر میں 47 مقامات پر منعقد کیا جائے گا۔ ملک کے مختلف حصوں سے منتخب امیدواروں کی حکومت ہند کی مختلف وزارتوں بشمول وزارت ریلوے، وزارت داخلہ، وزارت صحت اور خاندانی بہبوداور محکمہ مالیاتی خدمات، محکمہ اعلیٰ تعلیم وغیرہ میں تقرری کی جائے گی ۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی