
نئی دہلی، 22 مئی (ہ س)۔ ملک میں اب انسانوں کے اعصابی درد، مرگی، اینزائٹی اور دیگر بیماریوں کے علاج میں استعمال ہونے والی دوا ”پریگبالین“ صرف ڈاکٹروں کے نسخے پر ہی دستیاب ہوگی۔ مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جمعہ کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پریگبالین کو شیڈول ایچ-1 کے دائرے میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ قدم دوا کے بڑھتے ہوئے غلط استعمال اور بغیر ڈاکٹروں کے مشورے کے اس کی آسان فروخت پر روک لگانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
وزارت صحت نے خبردار کیا ہے کہ اب میڈیکل اسٹورز کو اس دوا کی فروخت کا مکمل ریکارڈ رکھنا ہوگا۔ قواعد کی خلاف ورزی کرنے پر سخت کارروائی کی جا سکتی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ کچھ عرصے میں اس دوا کے غلط استعمال اور نشے کے طور پر اس کے استعمال کے کئی معاملات سامنے آئے ہیں، جس کے بعد مرکزی حکومت نے یہ اقدام کیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ شیڈول ایچ-1 میں شامل کیے جانے سے دوا کی نگرانی مزید سخت ہوگی، غیر قانونی فروخت پر روک لگے گی اور مریضوں کی حفاظت پہلے سے بہتر ہو سکے گی۔
اب یہ دوا صرف رجسٹرڈ میڈیکل پریکٹشنر کے تحریر کردہ درست نسخے پر ہی فروخت کی جا سکے گی۔ خوردہ دوا فروشوں اور کیمسٹ حضرات کو دوا خریدنے والے مریض اور دوا تجویز کرنے والے ڈاکٹر کی مکمل تفصیلات، جیسے نام، پتہ اور دوا کی مقدار، ایک الگ رجسٹر میں درج کرنا ہوگی۔ اس کے علاوہ دوا کی پیکجنگ پر سرخ رنگ میں واضح طور پر”وارننگ“ لکھنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد