
امپھال، 22 مئی (ہ س)۔
منی پور میں سیکورٹی فورسز نے عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ، دھماکہ خیز مواد، گولہ بارود اور جیمرز ضبط کیا ہے۔ کالعدم عسکریت پسند گروپ یو این ایل ایف (پی) کے چار سرگرم ارکان کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق برآمد کیے گئے اسلحے میں اے کے اور ایم سیریز کی رائفلیں، سنائپر رائفلیں، مارٹر، آر پی جی 7 لانچرز اور اینٹی ڈرون جیمرز جیسے جدید ترین آلات شامل ہیں۔
منی پور پولیس ہیڈکوارٹر کی طرف سے جمعہ کی صبح جاری کردہ ایک سرکاری بیان کے مطابق، 20 مئی کو لامشینگ پولیس اسٹیشن کے علاقے میں لوٹے گئے ہتھیاروں اور گولہ بارود کی فروخت کے بارے میں مصدقہ اطلاعات کے بعد لامدینگ علاقے میں ایک خصوصی آپریشن شروع کیا گیا۔ آپریشن کے دوران،یو این ایل ایف (پی) گروپ کے دو سرگرم ارکان ہیشنام تھامس سنگھ (29) اور ارمبم ٹومٹوم سنگھ (29) کو گرفتار کیا گیا۔ ان کے قبضے سے ایک انساس ایل ایم جی، تین ایل ایم جی میگزین اور 14 زندہ کارتوس برآمد ہوئے۔
پولیس نے بتایا کہ گرفتاری کے دوران عسکریت پسندوں کے دیگر ساتھیوں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی۔ جوابی کارروائی میں دونوں طرف سے کچھ دیر تک فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس کے بعد، سیکورٹی فورسز نے فائرنگ کے تبادلے میں شامل دو دیگر عسکریت پسندوں ننتھوجام راکیش سنگھ اور چنگاکھم مہیش سنگھ کو گرفتار کر لیا۔
ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار عسکریت پسندوں نے انکشاف کیا کہ وہ یو این ایل ایف (پی) کے سیلف لانس کارپورل نورم بیجوئے عرف ماچا کی ہدایت پر ہتھیار فروخت کرنے آئے تھے۔ ملزمان نے اس سے قبل بھی لوٹے گئے اسلحہ اور گولہ بارود کی ا سمگلنگ اور فروخت میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔
اس کے بعد، منی پور پولیس، آسام رائفلز، اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیموں نے لامدینگ میں ایک غیر قانونییو این ایل ایف (پی) کیمپ کا محاصرہ اور تلاشی مہم شروع کی۔ آپریشن کے دوران، سیکیورٹی فورسز نے 29 جدید ترین ہتھیار برآمد کیے، جن میں اے کے سیریز اور ایم سیریز کی رائفلیں، پستول اور دیگر آتشیں اسلحہ شامل ہے۔
21 مئی کو مشترکہ سیکورٹی فورسز نے آپریشن کو وسعت دیتے ہوئے مزید 38 ہتھیار اور بڑی مقدار میں گولہ بارود قبضے میں لیا۔ قبضوں میں 27 اے کے سیریز کی رائفلیں، ایم21 اور ایم16 رائفلیں، ایم4 رائفلیں، سنائپر رائفلیں، کاربائن، پستول، شاٹ گن، مارٹر، آر پی جی-7 لانچرز، ڈرون مخالف جیمرز، دھماکہ خیز مواد اور بڑی مقدار میں گولہ بارود شامل تھا۔ اس کے علاوہ کئی دیگر مجرمانہ مواد بھی برآمد کیا گیا۔
محکمہ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کو مسروقہ یا غیر قانونی اسلحہ کے بارے میں کوئی اطلاع ہو تو وہ فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن کو مطلع کریں۔ پولیس نے کہا کہ ریاست میں امن، سلامتی اور امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے عوام کا تعاون ضروری ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی