
وزرا کونسل کی میٹنگ میں وکست بھارت کے وژن پر تبادلہ خیال : وزیراعظم مودی
نئی دہلی، 22 مئی (ہ س)۔ وزیراعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز کہا کہ وزرا کونسل کی میٹنگ میں ’ایز آف لیونگ‘ (عوام کے طرزِ زندگی کو آسان بنانا)، ’ایز آف ڈوئنگ بزنس‘ (کاروبار کو آسان بنانا) اور اصلاحات کو آگے بڑھانے سے متعلق مختلف مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم مودی نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ جمعرات کو وزرا کونسل کی میٹنگ بیحد کارآمد رہی۔
میٹنگ کے دوران وزراء کے درمیان مختلف موضوعات پر خیالات اور بہترین طریقۂ کار کا تبادلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میٹنگ میں عام لوگوں کی زندگی کو آسان بنانے، کاروبار کو فروغ دینے اور اصلاحات کی رفتار تیز کرنے پر خصوصی زور دیا گیا، تاکہ ’وکست بھارت‘ کے مشترکہ عزم کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔
قابلِ ذکر ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے جمعرات کی شام وزرا کونسل کی میٹنگ کی صدارت کی اور تمام وزراء کے کام کاج کے رپورٹ کارڈ کا جائزہ لیا۔ سیوا تیرتھ میں شام تقریباً 5 بجے شروع ہوئی اعلیٰ سطحی میٹنگ تقریباً ساڑھے چار گھنٹے تک جاری رہی۔ اس میراتھن میٹنگ میں گورننس ریفارمز (نظامِ حکومت میں اصلاحات)، انتظامی کارکردگی اور حکومت کے طویل مدتی ’’وکست بھارت 2047‘‘ وژن پر تفصیل سے بات چیت کی گئی۔
میٹنگ میں تقریباً 9 وزراء نے اپنی وزارتوں کے کام کاج کی تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی۔ اس کے ساتھ ہی کئی وزراء کے کام کاج کا جائزہ بھی لیا گیا۔ مزید برآں، سرکاری اسکیموں کے مؤثر نفاذ، تال میل اور مستقبل کی حکمتِ عملی کو لے کر وزراء کے ساتھ مشاورت بھی کی گئی۔ اس میں وزراء کے پچھلے کام کاج کا حساب کتاب اور دو سال کے رپورٹ کارڈ کا جائزہ لیا گیا۔ خاص طور پر مشرقِ وسطیٰ میں موجودہ حالات کے پیشِ نظر حکومت کی اقتصادی پالیسیوں، ترقیاتی منصوبوں اور مستقبل کے روڈ میپ پر تفصیل سے غور و خوض کیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن