
آئی پی ایل 2026 : گجرات ٹائٹنز کی دھماکے دار جیت، چنئی سپر کنگز پلے آف کی ریس سے باہر
احمد آباد، 22 مئی (ہ س)۔ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2026 کے لیگ اسٹیج کے آخری میچ میں گجرات ٹائٹنز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چنئی سپر کنگز کو 89 رنوں سے کراری شکست دی۔ اس شکست کے ساتھ ہی چنئی سپر کنگز کا پلے آف میں پہنچنے کا خواب بھی ٹوٹ گیا اور ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی۔ رنوں کے فرق کے لحاظ سے یہ چنئی کی آئی پی ایل تاریخ کی سب سے بڑی شکست مانی جا رہی ہے۔
احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے میں گجرات ٹائٹنز نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اووروں میں 4 وکٹ پر 229 رنوں کا بڑا اسکور کھڑا کیا۔ ٹیم کے لیے ٹاپ آرڈر نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور بڑے اسکور کی بنیاد رکھی۔
گجرات کی جانب سے سائی سدرشن نے سب سے اثر انگیز اننگز کھیلتے ہوئے 53 گیندوں میں 84 رن بنائے۔ ان کی اننگز میں 7 چوکے اور 4 چھکے شامل رہے۔ کپتان شبھمن گل نے 37 گیندوں میں 64 رنوں کی تیز اننگز کھیلی، جبکہ جوس بٹلر نے 27 گیندوں میں 57 رن بنا کر ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا۔
گیند بازی میں بھی گجرات کا دبدبہ دیکھنے کو ملا۔ محمد سراج، کاگیسو رباڈا اور راشد خان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بلے بازی کے شعبے کو مسلسل دباو میں رکھا اور تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کا تعاقب کرنے اتری چنئی سپر کنگز کی شروعات بیحد خراب رہی اور پوری ٹیم 13.4 اووروں میں محض 140 رن پر آل آوٹ ہو گئی۔ شیوم دوبے نے 17 گیندوں میں 47 رنوں کی جارحانہ اننگز کھیلی، لیکن انہیں دوسرے اینڈ سے کوئی خاص تعاون نہیں ملا۔ چنئی کے دیگر بلے باز پوری طرح فلاپ رہے اور ٹیم باقاعدہ وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی۔ کپتان رتوراج گائیکواڑ، ڈیوالڈ بریوس اور دیگر اہم بلے باز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔
اس ہار کے بعد پلے آف کی دوڑ سے چنئی سپر کنگز باہر ہو گئی ہے، جبکہ راجستھان رائلز، پنجاب کنگز، کولکاتا نائٹ رائیڈرز اور دہلی کیپیٹلز کے درمیان آخری پوزیشن کے لیے مقابلہ اور سنسنی خیز ہو گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن