
نئی دہلی، 22 مئی (ہ س)۔
دہلی ہائی کورٹ کی ایک ڈویڑن بنچ نے خاتون پہلوان ونیش پھوگاٹ کو قومی مقابلوں میں حصہ لینے سے نااہل قرار دینے پر ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کی سخت سرزنش کی ہے۔ چیف جسٹس ڈی کے اپادھیائے کی سربراہی والی بنچ نے مرکزی حکومت کو ہدایت دی کہ وہ ونیش پھوگاٹ کی واپسی کا جائزہ لینے کے لیے ماہرین کی ایک کمیٹی تشکیل دے۔
عدالت نے مرکزی حکومت کو ہدایت دی کہ ونیش پھوگاٹ کو 30 اور 31 مئی کو ہونے والے ایشین گیمز کے ٹرائلز میں حصہ لینے کی اجازت دی جائے۔سماعت کے دوران عدالت نے ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے فیصلے پر سوال اٹھاتے ہوئے پوچھا کہ کیا کھیلوں میں ماں بننا کسی کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ عدالت نے کہا کہ ملک میں ماں بننے کا جشن منایا جاتا ہے۔ عدالت نے ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کی سابقہ روایت میں تبدیلی پر بھی اعتراض کیا، جس میں اہلیت کے خدشات کو نظر انداز کرتے ہوئے ایک مشہور کھلاڑی کو مقابلہ کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ عدالت نے کہا کہ پہلے سرکلر میں تبدیلی بہت کچھ کہہ رہی ہے۔ آپ کو ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کو اس طرح نہیں چلانا چاہیے۔ یہ کھیل کے مفاد میں نہیں ہے۔
دراصل ونیش پھوگاٹ نے ہائی کورٹ کے سنگل بنچ کے فیصلے کو ڈویژن بنچ میں چیلنج کیا ہے۔ 18 مئی کو سنگل بنچ نے ونیش پھوگاٹ کو کوئی راحت دینے سے انکار کر دیاتھا۔ عدالت نے ونیش پھوگاٹ کو ہدایت کی تھی کہ وہ ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کی طرف سے جاری شوکاز نوٹس کا تفصیلی جواب داخل کریں۔ جسٹس پروشندر کمار کور کی سربراہی والی بنچ نے ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کو 6 جولائی تک نوٹس پر حتمی فیصلہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔ ونیش پھوگاٹ نے ایک عرضی دائر کی تھی جس میں ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے انہیں ایشین گیمز کے سلیکشن ٹرائلز سے باہر کرنے کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے۔ سینئر وکیل راج شیکھر راو نے، ونیش پھوگاٹ کی نمائندگی کرتے ہوئے دلیل دی کہ معاملہ ایسا نہیں ہے جیسا کہ لگتا ہے۔ راو نے عدالت سے درخواست کی کہ ونیش پھوگاٹ کو سلیکشن ٹرائلز میں حصہ لینے کی اجازت دے، جو 30 مئی کو شروع ہونے والے ہیں۔ عدالت نے اس درخواست کو مسترد کرتے ہوئے اسے ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے نوٹس کا جواب دینے کی ہدایت کی۔ اس کے ساتھ ہی کہاکہ اس دوران ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کو 6 جولائی تک اس معاملے پر کوئی حتمی فیصلہ کرنا چاہیے۔
ہندوستانی ریسلنگ فیڈریشن نے ونیش پھوگاٹ کو سلیکشن ٹرائلز میں شرکت کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ فیڈریشن آف انڈیا نے کہا کہ سلیکشن ٹرائلز صرف 2025 سینئر نیشنل چیمپئن شپ، 2026 فیڈریشن کپ اور انڈر 20 نیشنل چیمپئن شپ کے فاتحین کے لیے ہیں۔ پھوگاٹ نے ان تینوں مقابلوں میں سے کوئی بھی نہیں جیتا ہے۔ فوگاٹ نے 2024 کے اولمپکس کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ بعد میں وہ دسمبر 2025 میں ریسلنگ میں واپس آگئیں۔
ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا نے فوگاٹ کو ڈسپلن، اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی اور ریٹائرمنٹ کے بعد مقابلے میں واپسی کے لیے ضروری قوانین پر عمل نہ کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔ ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا نے کہا کہ واپسی سے پہلے چھ ماہ کا نوٹس درکار ہے جس پر پھوگاٹ عمل کرنے میں ناکام رہی۔ ہندوستانی ریسلنگ فیڈریشن نے 2024 میں زیادہ وزن کی وجہ سے پھوگاٹ کی نااہلی کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا تھاکہ اس سے ملک کو شرمندگی ہوئی۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی