
جے پور، 22 مئی (ہ س)۔ راجستھان میں شدید گرمی کا دور جاری ہے۔ کئی اضلاع میں درجہ حرارت میں قدرے کمی آئی ہے، لیکن شہریوں کو ہیٹ ویو اور تیز گرم ہواؤں سے کوئی مہلت نہیں مل رہی ہے۔ جیسلمیر، چورو، بیکانیر، بھیلواڑہ اور کوٹا سمیت کئی شہروں میں درجہ حرارت معمول کے قریب یا اس سے تھوڑا نیچے پہنچ گیا، پھر بھی دن بھر لوٗ کا اثر جاری رہی۔
محکمہ موسمیات نے اگلے ہفتے تک ریاست میںشدید گرمی کی صورتحال برقرار رہنے کی وارننگ جاری کی ہے۔ محکمہ کے مطابق، 24 مئی کے بعد ہیٹ ویو مزید شدت اختیار کر سکتی ہے۔ جمعہ اور ہفتہ کو شمال مشرقی راجستھان کے کچھ اضلاع میں ہلکی بارش اور تیز آندھی کے امکانات ظاہر کئے گئے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران، ریاست بھر میں آسمان صاف رہنے اورتیز دھوپ نکلنے سے گرمی کا اثر بڑھ رہا ہے ۔ جودھ پور، بیکانیر، جے پور، بھرت پور اور کوٹا ڈویژن کے کئی علاقوں میں ہیٹ ویو محسوس کی گئیں۔ سری گنگا نگر میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 45.1 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔
جے پور میٹرولوجیکل سنٹر کے ڈائریکٹر رادھے شیام شرما کے مطابق کمزورویسٹرن ڈسٹربنس کے اثرات آج ظاہر ہو سکتے ہیں۔ اس کی وجہ سے سری گنگا نگر، ہنومان گڑھ، چورو، جھنجھنو اور آس پاس کے علاقوں میں ہلکی بارش اور تیز گرج چمک کے ساتھ طوفان کی توقع ہے۔
دارالحکومت جے پور میں جمعرات کو دن بھر شدید دھوپ اور ہیٹ ویو کی کیفیت رہی۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ گرم ہواو¿ں کے باعث دوپہر کے وقت سڑکوں پر ٹریفک کم رہی جب کہ شام کے بعد بازاروں اور عوامی مقامات پر رش بڑھ گیا۔ لیک سٹی ادے پور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40.5 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 23.6 ڈگری سیلسیس رہا۔ شدید گرمی صبح سے ہی محسوس کی گئی، لوگوں نے دھوپ سے بچاؤ کے لیے چھتریوں اور دیگر ذرائع کا سہارا لیا۔
کوٹا میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 31.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ تیز دھوپ اور گرم ہواؤں نے معمولات زندگی کو درہم برہم کر دیا۔ابھیڑا بایو لوجیکل پارک میں جنگلات کے کارکن جانوروں پر پانی کا چھڑکاؤ کرکے انہیں راحت دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ شہر میں عوامی واٹر کولر پر بھی دن بھر لوگوں کی بھیڑ رہی ۔ الور میں پارہ 44 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا۔ دن بھر گرم ہوائیں چلتی رہیں جس سے لوگ گھروں کے اندر ہی رہنے پر مجبور ہو گئے۔ تاہم شام کے وقت ہلکی ہوا کے جھونکے سے کچھ راحت ملی۔
شیخاوٹی کے علاقے میں بھی گرمی کی شدت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ سیکر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42.7 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 29.9 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ دوپہر کے وقت سڑکیں سنسان رہیں اور کوچنگ کلاسز میں جانے والے طلبا کو سب سے زیادہ تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔ جودھپور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری سیلسیس کے قریب ریکارڈ کیا گیا۔ شہر گرم اور حبس بھرا رہا۔ محکمہ موسمیات نے اگلے چار سے پانچ روز تک درجہ حرارت میں مزید اضافے اور ہیٹ ویو کی وارننگ جاری کی ہے۔
شدید گرمی کی وجہ سے ریاست میں پانی کی کھپت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ پینے، نہانے، صفائی ستھرائی اور کھانا پکانے کے لیے پانی کے استعمال میں اضافے کی وجہ سے کئی علاقوں میں پانی کا بحران گہرا ہوتا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد