
بھوپال کی ٹویشا شرما موت کا معاملہ: ہائی کورٹ کے حکم پر دہلی ایمس کی ٹیم دوبارہ پوسٹ مارٹم کرے گی، فرار شوہر سرینڈر کرے گا
سی بی آئی جانچ کو مدھیہ پردیش حکومت کی منظوری، سابق جج ساس کی ضمانت پر پیر کے روز سماعت ہوگی
بھوپال/جبل پور، 22 مئی (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال کی معروف ایکٹریس اور ماڈل ٹویشا شرما کی مشکوک موت کے معاملے میں جمعہ کے روز کئی بڑے واقعات پیش آئے۔ مدھیہ پردیش ہائی کورٹ نے دوبارہ پوسٹ مارٹم دہلی ایمس کی ٹیم سے کرانے کی ہدایت دی ہے۔ دوسری طرف ریاستی حکومت نے کونسل کو یہ معاملہ مرکزی تحقیقاتی بیورو (سی بی آئی) کے سپرد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ ایک اور واقعے میں، ملزم شوہر نے ہائی کورٹ سے اپنی پیشگی ضمانت کی درخواست واپس لے لی ہے۔
مدھیہ پردیش ہائی کورٹ میں جمعہ کے روز ہوئی سماعت کے دوران متوفیہ کے والد نونیدھی شرما کی جانب سے دوبارہ پوسٹ مارٹم کے مطالبے پر سماعت ہوئی۔ اہل خانہ کا الزام تھا کہ پہلی پوسٹ مارٹم کی کارروائی میں کئی اہم پہلووں کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ معاملے کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے عدالت نے حکم دیا کہ دہلی ایمس کے ڈائریکٹر ماہر ڈاکٹروں کی ایک ٹیم تشکیل دیں گے، جو بھوپال آ کر ٹویشا شرما کی لاش کا دوبارہ پوسٹ مارٹم کرے گی۔ کورٹ نے یہ بھی واضح کیا کہ نئی پوسٹ مارٹم رپورٹ براہِ راست سیل بند لفافے میں عدالت کے سامنے پیش کی جائے گی۔ لاش کی حالت کو دیکھتے ہوئے عدالت نے پولیس اور ایمس انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ لاش کو محفوظ رکھا جائے، تاکہ فورینسک شواہد متاثر نہ ہوں۔ عدالت نے پوسٹ مارٹم کے پورے عمل کی ویڈیو گرافی کرانے اور رپورٹ کو سیل بند لفافے میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
ٹویشا شرما کیس میں مسلسل اٹھنے والے سوالات اور منصفانہ جانچ کے مطالبے کے درمیان مدھیہ پردیش حکومت نے معاملے کی سی بی آئی جانچ کے لیے رضامندی دے دی ہے۔ محکمۂ داخلہ کی جانب سے اس سلسلے میں جاری کردہ خط میں کہا گیا ہے کہ کٹارا ہلز تھانے میں درج کرائم نمبر 133/2026 کی جانچ اب مرکزی ایجنسی کے سپرد کی جائے گی۔ اس سے قبل 20 مئی کو ٹویشا کے والد نونیدھی شرما نے ریٹائرڈ فوجیوں کے ساتھ وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو سے ملاقات کر کے معاملے کی منصفانہ جانچ اور سی بی آئی انکوائری کا مطالبہ اٹھایا تھا۔ وزیرِ اعلیٰ نے خاندان کو ہر ممکن مدد اور منصفانہ جانچ کا یقین دلایا تھا۔
معاملے کے اہم ملزم اور ٹویشا کے شوہر سمرتھ سنگھ نے جمعہ کے روز ہائی کورٹ میں دائر اپنی پیشگی ضمانت کی درخواست واپس لے لی۔ ان کے وکیل مریگیندر سنگھ نے عدالت میں کہا کہ سمرتھ اب ضلع عدالت یا پولیس کے سامنے سرینڈر کرے گا۔ سماعت کے دوران ریاستی حکومت کی طرف سے پیش ہوئے سالیسیٹر جنرل نے کہا کہ ایک فرار ملزم کو ’’خصوصی راحت‘‘ نہیں دی جا سکتی اور پولیس کو اس سے پوچھ گچھ کے لیے تحویل کی ضرورت ہے۔ اس معاملے میں پولیس سمرتھ سنگھ کی تلاش میں مسلسل چھاپے مار رہی ہے اور اس پر 30 ہزار روپے کا انعام بھی اعلان کر دیا ہے۔
سابق جج گری بالا سنگھ کی بڑھیں مشکلات
معاملے میں ملزم ٹویشا کی ساس اور سابق ضلع و سیشن جج گری بالا سنگھ کی مشکلات بھی بڑھتی نظر آ رہی ہیں۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں جانچ میں تعاون کے لیے تین نوٹس جاری کیے گئے، لیکن انہوں نے اب تک بیان درج نہیں کرائے۔ ریاستی حکومت نے ان کی ضمانت منسوخ کرانے کے لیے ہائی کورٹ میں درخواست داخل کی ہے۔ اس معاملے میں پیر کے روز سماعت ہوگی۔ دوسری طرف، محکمۂ خوراک و شہری تحفظ نے بھی گری بالا سنگھ کے خلاف محکمانہ جانچ شروع کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وہ فی الحال ضلع کنزیومر کمیشن سے منسلک ذمہ داری سنبھال رہی ہیں۔
ٹویشا شرما کے والد نونیدھی شرما اور چچا لوکیش شرما نے پولیس اور انتظامیہ پر سنگین الزامات لگائے ہیں۔ والد شرما نے الزام لگایا ہے کہ سمرتھ جولائی 2023 سے اگست 2025 تک مدھیہ پردیش حکومت میں لیگل ایڈوائزر کے طور پر کام کر چکا ہے۔ وہ فراری کے دوران کیس کو متاثر کر رہا ہے۔ ٹویشا شرما کے والد نے پولیس کمشنر سنجے سنگھ کو خط لکھ کر کٹارا ہلز تھانہ انچارج سنیل دوبے کو ہٹانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ خاندان کا کہنا ہے کہ ہم سے لاش کی سپردگی کی دستاویز پر زبردستی دستخط کرائے گئے، جبکہ ہم نے باڈی لی ہی نہیں تھی۔ ایف آئی آر درج کرنے میں بھی تاخیر کی گئی۔ پولیس کی جانب سے کہا گیا کہ باڈی کی سپردگی لینے کے بعد ہی ایف آئی آر درج ہوگی۔ شرما کا الزام ہے کہ پولیس شروعات سے ہی ایک فریق بن کر کام کر رہی ہے، لیکن ہم اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ اہل خانہ نے الزام لگایا کہ ملزم فریق بااثر ہونے کی وجہ سے جانچ کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
بھوپال کے پولیس کمشنر سنجے کمار نے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جانچ پوری غیر جانبداری اور سنجیدگی سے کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج، کال ڈیٹیل ریکارڈ اور دیگر ڈیجیٹل شواہد کی جانچ کی جا رہی ہے۔ کمشنر نے بتایا کہ سمرتھ سنگھ کی گرفتاری کے لیے مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں اور ضرورت پڑنے پر جائیداد کی ضبطی جیسی قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔
قابلِ ذکر ہے کہ 33 سالہ ماڈل اور ایکٹریس ٹویشا شرما 12 مئی کو بھوپال کے کٹارا ہلز میں واقع اپنے سسرال میں مشکوک حالات میں پھندے سے لٹکی ہوئی ملی تھیں۔ متوفیہ کے اہل خانہ نے شوہر سمرتھ سنگھ، ساس گری بالا سنگھ اور سسرال والوں پر جہیز کے لیے ہراساں کرنے اور خودکشی کے لیے مجبور کرنے کے الزامات لگائے ہیں۔ معاملہ سامنے آنے کے بعد سے پورے صوبے میں اسے لے کر سیاسی اور سماجی بحث ہو رہی ہے۔ اب عدالت کی ہدایت، سی بی آئی جانچ اور دوبارہ پوسٹ مارٹم کے حکم کے بعد یہ کیس اور زیادہ حساس اور ہائی پروفائل بن گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن