
نئی دہلی، 21 مئی (ہ س)۔
سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کی 35ویں برسی پر آج یہاں ویر بھومی میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی اور کانگریس ایم پی پرینکا گاندھی واڈرا نے خراج عقیدت پیش کیا۔ اس دوران کانگریس کے کئی سینئر لیڈر، ایم پی اور کارکنان بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ وہ سابق وزیر اعظم آنجہانی راجیو گاندھی کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
ویر بھومی میں منعقدہ پروگرام میں سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی واڈرا نے راجیو گاندھی کی سمادھی پر پھول چڑھائے اور کچھ دیر خاموشی اختیار کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ کھڑگے نے راجیو گاندھی کو 21ویں صدی کے جدید ہندوستان کی بنیاد رکھنے والارہنما قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ راجیو گاندھی نے نوجوان ہندوستان کی طاقت پر بھروسہ کرتے ہوئے ووٹ ڈالنے کی عمر کو 21 سال سے کم کر کے 18 سال کیا۔ پنچایتوں کو حقوق دے کر انہوں نے ہر گاو¿ں میں جمہوریت کو مضبوط کیا اور ٹیلی کمیونیکیشن، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کمپیوٹرائزیشن کے ذریعے ہندوستان کو ایک نئے دور میں داخل کیا۔
ایکس پر اپنے والد کے ساتھ ایک پرانی تصویر شیئر کرتے ہوئے راہل گاندھی نے لکھا، پاپا، میں اپنی ذمہ داری پوری کروں گا کہ جس ہندوستان کا آپ نے خواب دیکھا تھا، اسے ایک ہنر مند، خوشحال اور مضبوط بناؤں گا۔ آپ کی تعلیمات، آپ کی اقدار اور آپ کی یادیں ہمیشہ میرے ساتھ رہیں گی۔
کانگریس جنرل سکریٹری (تنظیم) کے سی وینوگوپال نے کہا کہ راجیو گاندھی نے اپنے مختصر دور میں ہندوستان کی تبدیلی کی مضبوط بنیاد رکھی۔ خواتین، نوجوانوں، غریبوں اور پسماندہ افراد کو بااختیار بنانے کی ان کی پالیسیوں کے اثرات آج بھی نظر آتے ہیں۔ وینوگوپال نے کہا کہ راجیو گاندھی نے ہندوستان کی خودمختاری اور سالمیت کی حفاظت کرتے ہوئے عظیم قربانی دی، اس قربانی کو ملک کبھی فراموش نہیں کرے گا۔
راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے کہا کہ راجیو گاندھی نے سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بڑے خواب دیکھے اور نوجوانوں کو 18 سال کی عمر میں ووٹ کا حق دے کر جمہوریت میں ان کی شرکت کو یقینی بنایا۔ گہلوت نے کہا کہ راجیو گاندھی کا ماننا تھا کہ نوجوان نسل ہندوستان کا مستقبل ہے۔
کیرالہ کے وزیر اعلی وی ڈی ستیشن نے ایکس پر لکھا کہ راجیو گاندھی نے جدید ہندوستان کی تعمیر میں تاریخی کردار ادا کیا۔ انہوں نے پنچایتی راج اصلاحات نافذ کرکے جمہوریت کو مضبوط کیا اور ملک کو 21ویں صدی کے چیلنجوں کے لیے تیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ راجیو گاندھی کی یاد اور افکار آئندہ نسلوں کی رہنمائی کرتے رہیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ راجیو گاندھی کی موت 21 مئی 1991 کو تامل ناڈو کے سریپیرمبدور میں ایک خودکش بم دھماکے میں ہوئی تھی۔ انہوں نے 1984 سے 1989 تک وزیر اعظم کے طور پر خدمات انجام دیں۔ ان کا شماران رہنماو¿ں میں کیا جاتا ہے جنہوں نے ہندوستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن انقلاب کی بنیاد رکھی۔ ان کے دور میں کمپیوٹرائزیشن، ٹیلی کمیونیکیشن کی توسیع اور انتظامی اصلاحات کی جانب بہت سے اہم اقدامات کیے گئے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی