
روم، 21 مئی (ہ س)۔ ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی پانچ ممالک متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، نیدرلینڈز، سویڈن، ناروے اور اٹلی کا اپنا سرکاری دورہ مکمل کر کے روم سے وطن واپس روانہ ہو چکے ہیں۔ وہ کچھ گھنٹوں کے بعد ہندوستان پہنچ جائیں گے۔ وزیراعظم مودی نے دورے کے آخری مرحلے میں اٹلی میں اپنے اطالوی ہم منصب جارجیا میلونی کے ساتھ بات چیت کی۔ گفتگو میں دونوں ممالک باہمی تعلقات کو خصوصی تزویراتی شراکت داری (اسٹریٹجک پارٹنرشپ) کی سطح تک بڑھانے پر متفق ہوئے۔
وزیراعظم مودی نے بدھ کی رات روم سے ہندوستان روانہ ہونے سے پہلے ایکس پر لکھا، ’’میرا اٹلی کا دورہ بیحد کامیاب رہا، اب اس کا اختتام ہو رہا ہے۔ وزیراعظم جارجیا میلونی کے ساتھ میں نے مختلف شعبوں کے مسائل پر تبادلۂ خیال کیا۔ اس دورے کا سب سے اہم نتیجہ یہ ہے کہ ہندوستان-اٹلی تعلقات کو ’خصوصی تزویراتی شراکت داری‘ کی سطح تک لے جائیں گے۔ پوری انسانیت کو اس کا فائدہ ملے گا۔ اس سے آنے والے برسوں میں باہمی تعاون کو نئی رفتار ملے گی۔ میں وزیراعظم میلونی، اٹلی حکومت اور اٹلی کے بہترین لوگوں کا ان کی دوستی کے لیے شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘‘
وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے بھی ایکس پر لکھا، ’’ہندوستان-اٹلی تعلقات اور مضبوط ہوئے ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی کے پانچ ممالک کے دورے کا آخری مرحلہ مکمل ہوا۔ اٹلی کے کامیاب دورے کے بعد وزیراعظم وطن واپسی کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ اس دورے میں اہم نتائج سامنے آئے اور اٹلی کے ساتھ خصوصی تزویراتی شراکت داری کو پختہ بنانے کی سمت میں نئی رفتار ملی۔‘‘ قابلِ ذکر ہے کہ اٹلی کے دارالحکومت روم سے ہندوستان کے دارالحکومت دہلی کا زیادہ سے زیادہ ہوائی فاصلہ تقریباً 5,994 کلومیٹر ہے۔ براہِ راست پرواز (ڈائریکٹ فلائٹ) سے تقریباً 8 گھنٹے 35 منٹ کا زیادہ سے زیادہ وقت لگتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن