
20 بائک اور ایک ریسکیو ٹرک کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے، بھوپال میں حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور بگ کیٹ کے فروغ پر غور و خوض ہوگا
بھوپال، 21 مئی (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو اور ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کے مرکزی وزیر بھوپیندر یادو کی صدارت میں عالمی یومِ حیاتیاتی تنوع (انٹرنیشنل بائیوڈائیورسٹی ڈے) 2026 کے موقع پر انٹرنیشنل بگ کیٹ الائنس (آئی بی سی اے) پری سمٹ پروگرام کا افتتاح جمعہ، 22 مئی 2026 کو ہوگا۔
پبلک ریلیشنز آفیسر (پی آر او) کے کے جوشی نے جمعرات کو بتایا کہ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف فاریسٹ مینجمنٹ (آئی آئی ایف ایم) آڈیٹوریم، بھوپال میں ہونے والے اس پری سمٹ پروگرام میں ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کے مرکزی وزیرِ مملکت کیرتی وردھن سنگھ اور جنگلات و ماحولیات کے وزیرِ مملکت دلیپ اہیروار بطورِ مہمانِ خصوصی موجود رہیں گے۔ حکومتِ ہند کی وزارتِ ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی، نیشنل بائیوڈائیورسٹی اتھارٹی، حکومتِ مدھیہ پردیش، انٹرنیشنل بگ کیٹ الائنس اور انڈین انسٹی ٹیوٹ آف فاریسٹ مینجمنٹ کے اشتراک سے اس پروگرام کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو اور مرکزی وزیر یادو صبح 9.50 بجے محکمۂ جنگلات کی جانب سے تیار کردہ 20 بائک اور ایک ریسکیو ٹرک کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے۔ پروگرام میں حیاتیاتی تنوع کے تحفظ، جنگلی حیات کے فروغ اور خاص طور پر بگ کیٹ کے تحفظ کے مختلف پہلوؤں پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
انٹرنیشنل بگ کیٹ الائنس کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ایس پی یادو آئی بی سی اے کی سرگرمیوں اور مقاصد پر پریزنٹیشن دیں گے۔ ساتھ ہی، مدھیہ پردیش کے محکمۂ جنگلات کی جانب سے ہندوستان میں چیتا کی دوبارہ آباد کاری کی مہم پر ایک خصوصی پریزنٹیشن بھی پیش کی جائے گی۔
رابطہ عامہ افسر نے بتایا کہ پروگرام میں حیاتیاتی تنوع اور تحفظ سے متعلق کئی کتابچوں اور ڈیجیٹل اقدامات کا اجراء کیا جائے گا۔ ان میں ڈاک ٹکٹ، ’انڈیاز بائیوڈائیورسٹی رپورٹ 2026‘، ناگویا پروٹوکول پر ہندوستان کی پہلی قومی رپورٹ اور اے بی ایس اینڈ ٹو اینڈ ویب پورٹل شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ایکسیس اینڈ بینیفٹ شیئرنگ، امرکنٹک بائیوڈائیورسٹی ہیریٹیج سائٹ اور مدھیہ پردیش کے مقدس جنگلات کے تحفظ پر مبنی دستاویزی فلمیں بھی دکھائی جائیں گی۔
اس پروگرام سے حیاتیاتی تنوع کے تحفظ، ماحولیاتی توازن اور جنگلی حیات کے تحفظ کے تئیں عوامی بیداری میں اضافہ ہوگا، ساتھ ہی عالمی سطح پر ہندوستان کے عزم کی توثیق ہوگی۔
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن