
کولکاتا، 21 مئی (ہ س)۔ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2026 میں کولکاتا نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) نے لگاتار دوسری جیت درج کرتے ہوئے ممبئی انڈینز (ایم آئی) کو 4 وکٹ سے ہرا کر پلے آف کی دوڑ میں اپنی پوزیشن مضبوط کر لی ہے۔ ایڈن گارڈنز میں کھیلے گئے اس مقابلے میں کولکاتا نے 148 رن کے ہدف کو 18.5 اوور میں 6 وکٹ کھو کر حاصل کر لیا۔
بارش کی وجہ سے میچ تقریباً ایک گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا۔ ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے اتری کولکاتا نے شروعات سے ہی ممبئی پر دباو برقرار رکھا۔ ممبئی انڈینز کی ٹیم پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اوور میں 8 وکٹ کے نقصان پر صرف 147 رن ہی بنا سکی۔ ایک وقت ٹیم نے 84 رن پر 5 وکٹ گنوا دیے تھے اور بڑا اسکور بنانے کی امیدیں کمزور پڑ گئی تھیں۔
ممبئی کی جانب سے کپتان ہاردک پانڈیا نے 26 رن بنا کر اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی، لیکن سنیل نرائن کی گیند پر بولڈ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ آخر میں کاربن بوش نے تیز ترار بلے بازی کرتے ہوئے 18 گیندوں میں ناٹ آوٹ 32 رن بنائے اور ٹیم کو معزز اسکور تک پہنچایا۔
کولکاتا کی گیند بازی شاندار رہی۔ کیمرون گرین، سوربھ دوبے اور کارتک تیاگی نے دو دو وکٹ لی، جبکہ سنیل نرائن کو ایک کامیابی ملی۔ اس کے علاوہ ایک اہم موقع پر ول جیکس رن آوٹ ہو گئے، جس سے ممبئی کی اننگز مزید دباو میں آ گئی۔
ہدف کا تعاقب کرنے اتری کولکاتا کی شروعات بھی کچھ خاص نہیں رہی اور ٹیم نے 54 رن تک اپنے تین وکٹ کھو دیے تھے۔ لیکن اس کے بعد منیش پانڈے اور روومن پاول نے ذمہ داری سنبھالتے ہوئے بہترین شراکت داری کی۔ دونوں نے 47 گیندوں پر 64 رن جوڑ کر میچ کا رخ پوری طرح بدل دیا۔
منیش پانڈے نے 45 رنوں کی اہم اننگز کھیلی، جبکہ روومن پاول نے 40 رن بنا کر ٹیم کی جیت میں اہم تعاون دیا۔ اس جیت کے ساتھ کولکاتا کے 13 میچوں میں 13 پوائنٹس ہو گئے ہیں اور ٹیم پوائنٹس ٹیبل میں چھٹے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ پلے آف کی امیدوں کو یہ جیت نئی مضبوطی دیتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن