
ممبئی ، 21 مئی (ہ س)۔ مہاراشٹر کے ضلع تھانے میں واقع گاؤں دیوی سبزی مارکیٹ میں جمعرات کی علی الصبح اچانک آگ لگنے سے 154 دکانیں جل کر خاکستر ہو گئیں۔ اس حادثے میں فائر بریگیڈ کے ایک اہلکار سمیت دو افراد کی موت ہو گئی جبکہ دو دیگر شدید زخمی ہو گئے فائر بریگیڈ نے آگ پر قابو پا لیا ہے اور کولنگ کا عمل جاری ہے۔
تھانے میونسپل کارپوریشن کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ افسر ایس وائی تڑوی نے میڈیا کو بتایا کہ صبح تقریباً چار بجے تھانے اسٹیشن کے قریب مشہور گاؤں دیوی سبزی مارکیٹ میں آگ لگنے کی اطلاع ملی تھی۔ اطلاع ملتے ہی تھانے میونسپل کارپوریشن کے فائر ڈپارٹمنٹ کی پانچ بڑی فائر انجن گاڑیاں، تین جمبو واٹر ٹینکر، دو دیگر واٹر ٹینکر، چار ریسکیو گاڑیاں، تھانے ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ٹی ڈی آر ایف) اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کے اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور آگ بجھانے کا کام شروع کیا۔
تاہم آگ تیزی سے پھیلتی گئی، جس کے بعد فائر بریگیڈ کی مزید آٹھ گاڑیاں طلب کی گئیں۔ آگ بجھانے کے دوران تھانے میونسپل کارپوریشن فائر بریگیڈ کے اسٹیشن آفیسر ساگر شندے (43) اور سکیورٹی گارڈ کالو شنکر گاڈیکر (53) جھلسنے کے سبب ہلاک ہو گئے۔
اسی دوران فائر بریگیڈ کے دو اہلکار، اسٹیشن آفیسر سجیت پاشتے (45) اور ٹنڈیل سمیر جادھو (40) شدید زخمی ہو گئے۔ دونوں کو فوری طور پر علاج کے لیے کلوا کے چھترپتی شیواجی مہاراج اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔واقعے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے تھانے میونسپل کارپوریشن کے ایڈیشنل کمشنر روڈے، ڈپٹی کمشنر جی جی گوڈےپورے، دنیش تائڈے، متالی میڈم، چیف فائر آفیسر جھلکے اور دیگر سینئر افسران موقع پر پہنچے اور حالات کا جائزہ لیا۔
مقامی شہریوں کے مطابق گاؤں دیوی سبزی مارکیٹ میں کل 154 دکانیں تھیں اور تمام دکانیں مکمل طور پر جل گئی ہیں، جس سے چھوٹے تاجروں کو بھاری مالی نقصان پہنچا ہے۔تھانے پولیس اسٹیشن کی ٹیم آگ لگنے کی وجوہات کی جانچ کر رہی ہے
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے