
گڈکری نے اتر پردیش میں 11,672 کلومیٹر طویل قومی شاہراہوں کے معیار اور دیکھ بھال کا جائزہ لیا
نئی دہلی، 21 مئی (ہ س)۔ مرکزی سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے وزیر نتن گڈکری نے اتر پردیش میں 11,672 کلومیٹر طویل قومی شاہراہوں کے معیار اور دیکھ بھال کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ میٹنگ کے دوران، گڈکری نے بروقت نفاذ، معیار کے تقاضوں پر سختی سے عمل کرنے اور جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے پر زور دیا۔
سڑک نقل و حمل اور شاہراہوں کی وزارت نے کہا کہ میڈیا اور سوشل میڈیا سے موصولہ فیڈ بیک کی بنیاد پر جمعرات کو یہاں ایک جائزہ میٹنگ ہوئی جس میں مرکزی وزرائے مملکت اجے ٹمٹا اور ہرش ملہوترا کے ساتھ ساتھ این ایچ ا ے آئی، این ایچ آئی ڈی سی ایل، سڑک ٹرانسپورٹ کی وزارت اور پروجیکٹ کے ٹھیکیداروں نے شرکت کی۔
گڈکری نے میٹنگ کے دوران، پائیدار اور موثر شاہراہوں کے بنیادی ڈھانچے کو یقینی بنانے کے لیے بروقت نفاذ، معیار کے تقاضوں پر سختی سے عمل پیرا ہونے اور جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ رابطے بڑھانے، اقتصادی ترقی کو تیز کرنے اور سفری سہولت کو بہتر بنانے کے لیے مضبوط سڑکوں کا نیٹ ورک ضروری ہے۔
انہوں نے عہدیداروں کو مانسون کی جامع تیاریوں کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے پورے نیٹ ورک میں روڈ سیفٹی اور پائیداری کو برقرار رکھنے کے لیے حفاظتی اقدامات کو لاگو کرنے اور موثر رسپانس میکانزم قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی